اخبارات باخبر معاشرے کی تشکیل اور جمہوریت کے استحکام کا اہم کردار ہیں، صدر، وزیراعظم

جمعہ 25 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے قومی مطالعۂ اخبارات کے دن کے موقع پر اخبارات کی اہمیت اور ذمہ دارانہ صحافت کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کے تیزی سے فروغ کے باوجود اخبارات آج بھی عوام کو مستند معلومات، متنوع نقطۂ نظر اور حالات حاضرہ کے پس منظر سے آگاہ کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔

مزید پڑھیں:بنگلہ دیش: اخبارات کے دفاتر پر حملوں میں ملوث مزید 9 افراد گرفتار

وزیراعظم نے کہا کہ تحریک آزادی کے دوران اخبارات نے سیاسی شعور اور اتحاد کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا جبکہ قیام پاکستان کے بعد صحافت نے جمہوریت کے استحکام، شفافیت اور عوام کو قومی و بین الاقوامی امور سے باخبر رکھنے میں قابل قدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے جعلی خبروں اور گمراہ کن اطلاعات کے دور میں تحقیق و تصدیق پر مبنی معیاری صحافت کی اہمیت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ اخبارات ریاست کے چوتھے ستون کی حیثیت سے شہریوں کے حقوق کے تحفظ، انہیں ذمہ داریوں سے آگاہ کرنے اور فیصلہ سازوں کے احتساب میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مطبوعہ یا ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے اخبارات کے مطالعے کی عادت اپنائیں اور جدید ٹیکنالوجی کی مہارتیں بھی حاصل کریں۔

مزید پڑھیں:حکومت سندھ کا ٹیکس چوروں کے نام اخبارات میں شائع، اکاؤنٹس منجمند کرنے کا فیصلہ

دونوں رہنماؤں نے صحافیوں، مدیران، فوٹوگرافروں، پریس ورکرز اور شعبۂ اخبارات سے وابستہ افراد کی خدمات کو سراہتے ہوئے آزاد، ذمہ دار، قابل اعتماد اور متوازن صحافت کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp