صومالیہ میں قزاقوں کے قبضے سے آئل ٹینکر بازیاب، 3 پاکستانیوں سمیت 5 افراد ہلاک

بدھ 30 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صومالیہ کے نیم خودمختار علاقے پنٹ لینڈ کی میری ٹائم پولیس فورس نے قزاقوں کے قبضے سے آئل ٹینکر ایم ٹی آنر 25 بازیاب کرا لیا، تاہم کارروائی سے قبل قزاقوں نے عملے کے 5 ارکان کو قتل کردیا۔

مزید پڑھیں:صومالیہ: ترک ہتھیار لے جانے والا کارگو جہاز قزاقوں نے ہائی جیک کرلیا، 6 بھارتی بھی سوار

پنٹ لینڈ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 3 پاکستانی، ایک میانمار اور ایک بھارتی شہری شامل ہیں، جبکہ 3 پاکستانیوں اور ایک بھارتی شہری سمیت 4 افراد زخمی بھی ہوئے۔

پنٹ لینڈ میری ٹائم پولیس فورس کے مطابق بحری اور زمینی یونٹس نے بندر بیلا ضلع کے علاقے دھرین بار میں کارروائی کرتے ہوئے قزاقوں کے قبضے سے جہاز کو بازیاب کرایا۔ کارروائی کے دوران متعدد قزاقوں کو گرفتار کیا گیا، جنہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ایم ٹی آنر 25 آئل ٹینکر کو 21 اپریل کو پنٹ لینڈ کے ساحل کے قریب قزاقوں نے اغوا کیا تھا۔ جہاز پر 17 رکنی عملہ موجود تھا، جن میں 10 پاکستانی شہری شامل تھے۔

پاکستانی حکام کی جانب سے پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کی آزادانہ اور باضابطہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی مشن صورتحال کی تصدیق اور حقائق جاننے کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے میں ہے۔

مزید پڑھیں:اسحاق ڈار کی اردن اور صومالیہ کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں، دوطرفہ تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

انصار برنی ٹرسٹ کے مطابق واقعے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں میں سیکنڈ آفیسر سید کاشف عمر، تھرڈ انجینیئر محمود احمد انصاری اور رفیع اللہ شامل ہیں، تاہم ان ناموں اور ہلاکتوں کی حتمی سرکاری تصدیق کا انتظار ہے۔

واقعے کے بعد زخمی عملے کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ ایم ٹی آنر 25 کا اغوا 5 ماہ سے زائد عرصے تک جاری رہا، جس دوران پاکستانی عملے کے اہلخانہ اپنے پیاروں کی رہائی کے لیے حکام سے مدد کی اپیل کرتے رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp