معروف پشتو افسانہ نگار، دانشور اور شاعر امیر حمزہ خان شنواری کے روحانی جانشین سید طاہر بخاری باچا طویل علالت کے بعد 96 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
ان کی نماز جنازہ آبائی گاؤں میں ادا کی گئی، جس میں خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں ادیبوں، دانشوروں، روحانی عقیدت مندوں، مداحوں اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔ بعد ازاں انہیں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
سید طاہر بخاری باچا نے ایک ایسے خاندان میں آنکھ کھولی جو روحانی اور ادبی روایات کے حوالے سے معروف تھا۔ انہوں نے اپنی زندگی کے تقریباً 8 عشرے پشتو ادب، صوفی فکر، ثقافت اور علاقائی روایات کے فروغ کے لیے وقف کیے۔
یہ بھی پڑھیں: حسن منظر رخصت، اردو فکشن کا ایک عہد تمام ہوا
وہ معروف پشتو شاعر امیر حمزہ خان شنواری المعروف حمزہ بابا کے قریبی ساتھی اور نامزد روحانی جانشین تھے۔ حمزہ بابا کے ساتھ اپنی طویل وابستگی کے باعث انہوں نے ان کے صوفیانہ افکار، انسان دوستی اور روحانی تعلیمات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
سید طاہر بخاری باچا ایک ہمہ جہت ادیب تھے، ان کا ادبی سفر افسانہ نگاری، نثر اور تنقیدی مضامین تک پھیلا ہوا تھا۔
ان کی تحریروں میں پشتون معاشرے کی مقامی ثقافت، روایات، مشکلات اور مزاحمت کے ساتھ ساتھ صوفیانہ فکر اور روحانی گہرائی نمایاں نظر آتی تھی۔
مزید پڑھیں: معروف شاعر سلیم کوثر 15 برس بعد مداحوں کے درمیان، کلام پر ہر آنکھ اشکبار
انہوں نے جدید پشتو غزل اور کلاسیکی صوفی فکر کے فلسفیانہ پہلوؤں کو اجاگر کرنے والی اہم کتابیں تحریر اور مرتب بھی کیں۔
طویل ادبی زندگی کے دوران وہ نوجوان ادیبوں، محققین اور طلبہ کے لیے ایک شفیق استاد اور رہنما کی حیثیت رکھتے تھے۔
پشاور، لنڈی کوتل اور قبائلی اضلاع میں منعقد ہونے والے ادبی اجتماعات، علمی سیمینارز اور مشاعروں میں ان کی شرکت معمول کا حصہ تھی۔
مزید پڑھیں: مسکراہٹیں بکھیرنے والے ادیب کی داستانِ غم
وہ پشتو ادب کے تحفظ، مختلف ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی اور امن کے فروغ کے لیے مسلسل آواز اٹھاتے رہے۔
ادبی شخصیات نے ان کی وفات کو پشتو ادب اور صوفی ورثے کے لیے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی علمی و ادبی خدمات آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ رہیں گی۔
سید طاہر بخاری باچا اپنے پیچھے ادبی تصانیف، بڑی تعداد میں عقیدت مند اور شاگرد، اور خیبر پختونخوا کے ثقافتی منظرنامے پر ایک گہرا نقش چھوڑ گئے۔














