پاکستانی روپے کا بہتری کا سفر جاری، ڈالر اب کتنے کا ہوگیا؟

جمعہ 2 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹربینک مارکیٹ میں جمعے کے روز بھی امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں معمولی بہتری کا تسلسل برقرار رہا۔

یہ بھی پڑھیں: ’ایک پیسہ بھی بہت ہے‘: امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ جاری

کاروباری دن کے اختتام پر مقامی کرنسی 277.07 روپے پر بند ہوئی، جس سے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.03 روپے (3 پیسے) کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس سے قبل جمعرات کے روز روپیہ 277.10 روپے کی سطح پر بند ہوا تھا۔

عالمی سطح پر خام تیل کی اونچی قیمتوں کے باعث پیدا ہونے والے افراطِ زر کے خدشات اور بانڈز مارکیٹ میں فروخت کے دباؤ کے نتیجے میں امریکی ڈالر مسلسل تیسرے ہفتے بھی مظبوط رہا اور 17 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ ڈالر انڈیکس 102.08 کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔

بانڈ ییلڈز اور عالمی منڈیاں: امریکی 10 سالہ ٹریژری بانڈ کی ییلڈ بڑھ کر 5.344 فیصد تک پہنچ گئی جو کہ 2002ء کے بعد سے بلند ترین سطح ہے تاہم جمعے کی صبح ابتدائی ٹریڈنگ میں یہ کچھ سنبھل کر 5.249 فیصد پر آ گئی۔

مزید پڑھیے: خراماں خراماں: روپے کی قدر مسلسل مضبوطی کی سمت گامزن، جانیے یہ سلسلہ کب سے جاری ہے؟

فرانس کے مالیاتی خدشات کے باعث یورو گر کر مئی 2025 کے بعد سے اپنی کم ترین سطح 1.1237 ڈالر پر آ گیا جبکہ ٹوکیو میں ستمبر کے دوران کور انفلیشن میں 10 ماہ کی تیز ترین پیشرفت کے بعد جاپانی ین 158 ین فی ڈالر پر مستحکم رہا۔

امریکی شرح سود اور روزگار کی رپورٹ: اگست میں توقع سے کم مہنگائی اور فیڈرل ریزرو کے حکام کے بیانات کے بعد رواں ماہ شرح سود میں اضافے کی توقعات میں کمی آئی ہے۔ بازار کی نظریں امریکہ کی نان فارم پے رول رپورٹ پر جمی ہوئی ہیں جہاں ستمبر میں بے روزگاری کی شرح مسلسل تیسرے مہینے 4.1 فیصد رہنے کی توقع ہے۔

خام تیل کی قیمتوں میں کمی

ڈیزل اور خام تیل کے اضافی ذخائر مارکیٹ میں لانے کی خبروں کے بعد توانائی کی سپلائی سے متعلق خدشات کم ہوئے جس کے باعث جمعے کو خام تیل کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زائد کی کمی دیکھی گئی۔

مزید پڑھیں: روپے کی قدر میں مضبوطی، پاکستانی معیشت کو کیسے متاثر کر سکتی ہے؟

برینٹ کروڈ 2.57 ڈالر (2.51 فیصد) کی کمی سے 99.74 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 3.53 ڈالر (3.8 فیصد) گر کر 89.34 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا۔ ہفتہ وار بنیادوں پر برینٹ میں تقریباً 4.1 فیصد اور ڈبلیو ٹی آئی میں 3.2 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp