نامور اداکارہ مایا علی نے گرین انٹرٹینمنٹ کے ڈرامے ’مٹی دے باوے‘ میں اینا خان اور فضل حسین کی شاندار اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ دونوں نوجوان فنکار اپنی بہترین صلاحیتوں سے ان کا دل جیت رہے ہیں۔

مایا علی نے اپنے انسٹاگرام اسٹوریز پر دونوں ابھرتے ہوئے اداکاروں کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے ڈرامے کی ابتدائی قسطوں میں ’بیلو‘ اور ’بالا‘ کا کردار نبھانے پر ان کے کام کی شدید پذیرائی کی۔
یہ بھی پڑھیں:احد رضا میر کی سالگرہ کی تصویر نے مداحوں کو چونکا دیا، مایا علی سے رشتے کی چہ مگوئیاں
اینا خان کو مخاطب کرتے ہوئے مایا نے لکھا کہ ’ آپ دونوں واقعی میرا دل جیت رہے ہیں‘۔ انہوں نے اینا کی خوبصورت اداکاری اور ورسٹائل صلاحیتوں کی تعریف کی۔
مایا علی نے دلچسپ اعتراف کرتے ہوئے مزید لکھا کہ بیلو کے پیچیدہ کردار کو اینا نے جس خوبصورتی سے نبھایا ہے، وہ ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کر پائیں کہ اس کردار سے محبت کریں یا نفرت۔
ناظرین کی توجہ اور دونوں فنکاروں کی کیمسٹری
ڈرامے میں بیلو کے کردار، اس کی شخصیت اور افعال نے شائقینِ ڈراما کی توجہ پہلے ہی حاصل کر لی ہے اور یہ سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔
View this post on Instagram
ناظرین کی جانب سے بھی اینا خان اور فضل حسین کی آپسی کیمسٹری اور جاندار اداکاری کو بے حد سراہا جا رہا ہے۔
فضل حسین کے لیے پیار، دعائیں
اس کے بعد مایا علی نے فضل حسین کی اداکاری کے سفر کو سراہتے ہوئے لکھاکہ ’آپ بچپن ہی سے ایک شاندار اداکار رہے ہیں‘۔ انہوں نے فضل کو ’مٹی دے باوے‘ میں یہ اہم کردار ادا کرتے دیکھ کر خوشی اور فخر کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں:مایا علی کے چیلنج نے احد رضا میر کو مشکل میں ڈال دیا، دلچسپ ویڈیو وائرل
مایا علی نے واضح کیا کہ وہ فضل کو اسکرین پر مزید دیکھنا چاہتی ہیں اور لکھا کہ ’اب مجھے آپ کو اور زیادہ دیکھنا ہے! ‘۔ اپنے پیغام کے اختتام پر مایا علی نے دونوں نوجوان فنکاروں کے لیے ’ڈھیر سارا پیار اور دعائیں‘ بھیجیں۔
ڈرامے کی مرکزی کاسٹ اور کہانی
واضح رہے کہ اینا خان اور فضل حسین ڈرامے میں مرکزی کرداروں بیلو اور بالا کے بچپن کا روپ دھارے ہوئے ہیں، جن کی کاسٹنگ اور آن اسکرین کیمسٹری ڈرامے کے اہم ترین موضوعات میں سے ایک بن چکی ہے۔
گرین انٹرٹینمنٹ کا یہ ڈراما پنجاب کے دیہی اور ثقافتی پس منظر میں فلمایا گیا ہے جس کی کہانی محبت، خاندانی رشتوں، طبقاتی فرق اور رقابت کے گرد گھومتی ہے۔
اس ڈرامے کی مرکزی کاسٹ میں سپر اسٹار ماہرہ خان اور وہاج علی شامل ہیں، جبکہ اس کی تحریر فائضہ افتخار کی ہے اور ہدایت کاری کے فرائض سید وجاہت حسین نے انجام دیے ہیں۔














