پاکستان اور ویٹیکن نے بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ کے ساتھ ساتھ سفارتی تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہولی سی کے اعلیٰ عہدیدار آرچ بشپ پال رچرڈ گالاگر کا پہلا دورہ پاکستان
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق آرچ بشپ پال رچرڈ گلاگر پاکستان اور ہولی سی کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے سلسلے میں پاکستان کے دورے پر ہیں۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آرچ بشپ کا خیرمقدم کرتے ہوئے امن، بین المذاہب ہم آہنگی اور مکالمے کے فروغ میں ہولی سی کے کردار کو سراہا۔
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 received H.E. Archbishop Paul Richard Gallagher, Secretary for Relations with States of the Holy See, at the Ministry of Foreign Affairs. The Archbishop is visiting Pakistan to mark the 75th… pic.twitter.com/i6ekqdcPBz
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) October 9, 2026
انہوں نے پاکستان کی کیتھولک برادری کی بالخصوص تعلیم اور صحت کے شعبوں میں قابل قدر خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
آرچ بشپ پال رچرڈ گلاگر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ثالثی، مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے خطے میں امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے پوپ لیو چہاردہم کی جانب سے امن اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لیے کیے جانے والے اصولی مطالبات کو سراہا۔
انہوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے جاری انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور خطے میں امن کے قیام کے لیے عالمی برادری کی مسلسل کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں دونوں جانب سے پاکستان اور ہولی سی کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف مذاہب کے درمیان باہمی احترام، افہام و تفہیم اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔














