خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے اسلام آباد میں تعینات الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سینیئر افسر ڈائریکٹر شمشاد خان محسود کو جاں بحق کر دیا۔
خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ایک سینیئر افسر کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہونے کے بعد دم توڑ گئے۔
یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا میں دہشتگردی نے پھر سر اٹھا لیا، عوام کو حکومت کی نااہلی کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے، بلال اظہر کیانی
ٹانک پولیس نے فائرنگ کے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے مبینہ ’ٹارگٹ کلنگ‘ قرار دیا ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے افسر کی شناخت شمشاد خان محسود کے نام سے ہوئی ہے، جو الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز اور اسلام آباد میں تعینات تھے۔
تعزیت سے واپسی پر حملہ
ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر شمشاد خان محسود اپنے بھائی کے ناگہانی انتقال پر اسلام آباد سے ٹانک آئے ہوئے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ محسود گاؤں گِرّہ بلوچ میں مرکزی سڑک پر موجود تھے اور اپنے بھائی کی وفات پر تعزیت کے بعد وہاں سے واپس جا رہے تھے۔
اسی اثنا میں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہو گئے۔
اسپتال منتقلی اور شہادت
فائرنگ کے نتیجے میں شمشاد خان محسود شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ مقتول شمشاد خان محسود کا تعلق بنیادی طور پر جنوبی وزیرستان سے تھا، جبکہ ان کا خاندان اس وقت ٹانک میں رہائش پذیر ہے۔
واقعے کے بعد مقامی پولیس نے علاقے کو گھیراؤ میں لے کر ملزمان کی تلاش اور معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔













