مفت سفر کا شوق بھارتی یوٹیوبر کو مہنگا پڑ گیا، تھائی پولیس نے مندر سے باہر نکال دیا

پیر 12 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی یوٹیوبر بنشی جو دنیا بھر میں بغیر پیسوں کے سفر کرنے کے اپنے منصوبے کے تحت تھائی لینڈ کے صوبے اڈون تھانی پہنچے جہاں انہوں نے ایک بدھ مندر کے احاطے میں رات گزارنے کے لیے خیمہ لگانے کی کوشش کی۔ تاہم ان کی موجودگی پر پولیس اہلکار مندر پہنچ گئے اور انہیں وہاں سے جانے کی ہدایت کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بنشی نے پولیس اہلکاروں اور مندر انتظامیہ کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ انہیں صرف ایک رات مندر میں قیام کی اجازت دے دی جائے۔ یوٹیوبر کا دعویٰ تھا کہ انہوں نے ایک بدھ راہب سے بات کی تھی جس نے انہیں رات گزارنے کی اجازت دی تھی تاہم پولیس اور مندر کے نمائندے انہیں وہاں ٹھہرنے کی اجازت دینے پر آمادہ نہ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: ’مفت کے ڈرائی فروٹ پر ایسے ٹوٹ پڑے جیسے کبھی کھایا ہی نہیں’، برکس اجلاس میں بھارتی ترجمان کی ویڈیو وائرل

یہ صورتِ حال 20 منٹ سے زائد جاری رہی جس دوران بنشی بار بار اپنے قیام کی اجازت حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ اس دوران تھائی پولیس نے انہیں قریب واقع ایک کم بجٹ ہوٹل میں ٹھہرنے کی پیشکش کی جہاں ایک رات کا کرایہ 400 بھات تھا تاہم یوٹیوبر نے اخراجات کم رکھنے کی خواہش کے باعث یہ پیشکش مسترد کر دی۔

بنشی کے مطابق وہ تھائی لینڈ میں بغیر پیسوں کے سفر کر رہے تھے اور کھانے سمیت دیگر ضروریات کے لیے لوگوں سے مدد طلب کرتے تھے۔ پولیس اہلکاروں اور مندر کی کمیٹی کے ارکان نے انہیں اپنا سامان سمیٹنے اور مندر سے چلے جانے کو کہا۔ حکام کا مؤقف تھا کہ مندر بیرونی افراد کے رات گزارنے کی جگہ نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خاتون نے 20 روپے کا وڑا پاؤ کھانے کے لیے 15 ہزار روپے خرچ کردیے، ویڈیو وائرل

بعد ازاں بنشی نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں انہوں نے تھائی پولیس اور مندر انتظامیہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات بیان کیں۔

واقعے کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بنشی کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ صارفین نے ان کے طریقۂ سفر پر اعتراضات اٹھائے۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ تھائی پولیس نے صورتِ حال کو مناسب انداز میں سنبھالا تاہم ان کے خیال میں یوٹیوبر کو ملک بدر کیا جانا چاہیے تھا۔

یہ بھی پڑھیں: والد کو آخری فون کال، ’بائے بائے پاپا‘ کہہ کر لڑکی دریائے چناب میں کود گئی، ویڈیو وائرل

ایک اور صارف نے لکھا کہ بھارتی ہونے کے ناتے انہیں بنشی کے رویے پر شرمندگی محسوس ہو رہی ہے۔ انہوں نے یوٹیوبر کو مشورہ دیا کہ اگر ان کے پاس سفر کے لیے رقم نہیں تو وہ اپنے ہم وطنوں سے مدد حاصل کریں۔ صارف نے تھائی پولیس کے مہربان رویے کو بھی سراہا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp