پاکستان اور عمان نے اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ آبنائے ہرمز اور باب المندب کے تنازعات کا حل صرف اور صرف گفت و شنید میں مضمر ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسیدی نے اسلام آباد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا، جس میں پاک عمان تعلقات، تجارتی تعاون اور اہم علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آبنائے ہرمز اور علاقائی سلامتی پر گفتگو
عمانی وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسیدی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آبنائے ہرمز کے معاملے پر ایران کے ساتھ بات چیت مکمل کر لی ہے، تاہم اب اس اہم آبی گزرگاہ کو مستقبل میں مکمل طور پر کھولنے کے لیے ایران اور امریکا کے درمیان معاملات طے پانا باقی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عمان محفوظ جہازرانی پر مکمل یقین رکھتا ہے کیونکہ یہ عالمی معیشت کی بحالی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیے پاکستان اور عمان کا تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی امن کے فروغ پر اتفاق
عمانی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ریجنل چیلنجز کے حوالے سے دونوں ممالک نے ڈائیلاگ اور سفارتی کاری کی اہمیت پر اتفاق کیا ہے اور ہم خطے کو تصادم سے بچانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور تصادم کو بھی بات چیت اور سفارتی ذرائع سے حل ہونا چاہیے۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ عمانی وزیر خارجہ نے خطے میں امن کے قیام کے لیے بہت زیادہ کوششیں کی ہیں، اور ہم نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ آبنائے ہرمز اور باب المندب کے تنازعات کا حل صرف اور صرف گفت و شنید میں مضمر ہے۔
پاک عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کا آٹھواں اجلاس
عمانی وزیر خارجہ نے بتایا کہ پاک عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس نے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔ اجلاس کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، فوڈ سیکیورٹی، سیاحت اور انرجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی بات چیت کی گئی، جبکہ کمیشن میں دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے جاری مذاکرات کے نتائج کا بھی جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے زور دیا کہ وزارتی کمیشن کے اجلاسوں کے تسلسل میں تعطل نہیں آنا چاہیے، اور اعلان کیا کہ اس کمیشن کا نواں اجلاس اگلے سال عمان میں منعقد ہوگا۔
بزنس، تجارت اور اعلیٰ سطح کے دورے
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے انکشاف کیا کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ عمان کے سلطان جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ عمانی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان میں کچھ اسباب کی بناء پر تاخیر ہوئی، تاہم عمانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ اگرچہ دورے میں تاخیر ہوئی لیکن وہ مسلسل فون پر اسحاق ڈار کے ساتھ رابطے میں رہے۔
یہ بھی پڑھیے پاکستان کے تعمیری کردار کو عمان کا خراج تحسین، علاقائی امن کے لیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق
عمانی وزیر خارجہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دوطرفہ تعلقات انتہائی مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہو۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ آج متعدد اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جا رہے ہیں اور بہت جلد ’بزنس ٹو بزنس فورم‘ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اسحاق ڈار نے اس موقع پر بتایا کہ پاکستان اور جی سی سی کے درمیان فری ٹریڈ ایگریمنٹ اپنی تکمیل کے قریب ہے۔
پریس کانفرنس کے آخر میں یہ بھی بتایا گیا کہ عمانی وزیر خارجہ آج وزیراعظم پاکستان سے بھی ملاقات کریں گے۔














