ٹرمپ کا گرین لینڈ میں تیل، گیس اور معدنیات کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کرنے کا اعلان

بدھ 14 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ گرین لینڈ میں تیل، گیس اور معدنیات کی بڑے پیمانے پر تلاش کی تیاریاں جاری ہیں اور یہ سرگرمیاں جلد شروع ہونے والی ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے تیل کے ذخائر سے متعلق ماہرین کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ گرین لینڈ میں آسانی سے نکالا جا سکنے والا تیل دنیا کے بیشتر علاقوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ مقدار میں موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اگر امریکا گرین لینڈ پر قبضہ نہیں کرے گا تو چین اور روس کرلیں گے جو قابل قبول نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

گرین لینڈ تزویراتی اہمیت کے ساتھ معدنی وسائل سے بھی مالا مال ہے، تاہم امریکی صدر نے مجوزہ تلاش کے منصوبوں کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا، ڈنمارک اور گرین لینڈ نے گزشتہ ماہ ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کا مقصد گرین لینڈ پر کنٹرول حاصل کرنے سے متعلق ٹرمپ کی بار بار دھمکیوں کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کو ختم کرنا تھا۔

امریکی صدر نے اپنے بیان میں گرین لینڈ کی دفاعی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں امریکا پر ہونے والا کوئی بھی حملہ گرین لینڈ کے راستے آ سکتا ہے، جہاں امریکی دفاعی نظام ڈرونز، میزائلوں اور مستقبل میں تیار ہونے والے دیگر ہتھیاروں کو روکنے کے لیے معمول کے مطابق کارروائی کرے گا۔

مزید پڑھیں: امریکا اور ڈنمارک کا گرین لینڈ میں امریکی فوجی موجودگی بڑھانے پر اتفاق، ٹرمپ کا دعویٰ

امریکا، ڈنمارک اور گرین لینڈ کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت جزیرے میں امریکی فوج کے کردار کو وسعت دی جائے گی۔

معاہدہ 2 نئے فوجی اڈوں کے قیام اور ٹرمپ کے مجوزہ میزائل دفاعی نظام ’گولڈن ڈوم‘ کی تنصیب کی راہ بھی ہموار کرتا ہے۔

تاہم، معاہدے میں ڈنمارک کی خودمختاری اور گرین لینڈ کے عوام کے حقِ خودارادیت کی توثیق بھی کی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp