وفاقی آئینی عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔
چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں آئینی عدالت کے 2 رکنی بینچ نے درخواست مسترد کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
وفاقی آئینی عدالت میں بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی آئینی عدالت : بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر
سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر روسٹرم پر آئے، جبکہ سلمان اکرم راجہ بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
دورانِ سماعت سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالتوں نے ہمیشہ خواتین کے معاملے میں نرم گوشہ رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب کا طرزِ عمل گزشتہ 13 ماہ کے دوران قابلِ اعتراض رہا اور ادارے نے متعدد سماعتوں پر التوا لیا۔
*190ملین پاؤنڈ کیس میں بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست مسترد*
*وفاقی آئینی عدالت کا بشریٰ بی بی کی درخواست مسترد کرنے کا حکم نامہ جاری*
*چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا* pic.twitter.com/mpoOhNKPa1— Mian Shahid Zaman (@mianshahidzaman) October 14, 2026
انہوں نے کہا کہ نیب نے سزا معطلی کی درخواست پر بھی اعتراض کیا۔
سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ سزا سنائے جانے کے بعد بشریٰ بی بی کی ضمانت اور سزا معطلی کی درخواست کا قانونی جواز موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے خاتون ہونے کی بنیاد پر سزا معطلی کی استدعا کی، جبکہ مقدمے میں زیادہ توجہ بانی پی ٹی آئی کی اپیل پر مرکوز رہی۔
مزید پڑھیں: 190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی اپیل پر اعتراضات عائد
اس موقع پر چیف جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ عدالت اس وقت میرٹ پر نہیں جا رہی، کیونکہ اس کے سامنے سزا معطلی کی درخواست ہے۔
جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیے کہ عام طور پر مرکزی اپیل سماعت کے لیے مقرر نہ ہونے پر سزا معطلی کی استدعا کی جاتی ہے۔
انہوں نے استفسار کیا کہ مرکزی اپیل کتنی مرتبہ سماعت کے لیے مقرر ہوئی ہے، سماعت کے دوران عدالت نے سلمان صفدر کو تحریری دلائل کے نکات جمع کرانے کی ہدایت کی۔
مزید پڑھیں: بشریٰ بی بی نے طبی بنیادوں پر سزا معطلی کے لیے نئی درخواست دائر کردی
بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
بعد ازاں وفاقی آئینی عدالت نے بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے اس ضمن میں تحریری حکم نامہ بھی جاری کر دیا۔














