بابر اعظم  کی قیادت میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان، 3 نئے بلے باز شامل

ہفتہ 24 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے سری لنکا کے خلاف 9 سے 21 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جانے والی 2 ٹیسٹ میچوں کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ سیریز کے لیے بابر اعظم کی قیادت میں 14 رکنی ابتدائی اور 13 رکنی پی سی بی پیٹرنز الیون اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

ہفتہ کے روز پی سی سی بی کی جانب سے اعلان کردہ ٹیم کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 3 نوجوان بلے بازوں محمد طہٰ، سمیع منہاس اور محمد سلیمان کو پہلی بار قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کرکٹ بورڈ کا تاریخی قدم، انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان

26 سالہ بائیں ہاتھ کے بلے باز محمد طہٰ ستمبر سے شروع ہونے والی پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس میں 7 میچوں میں 3 سینچریوں اور 225 کی بہترین اننگز کی مدد سے 730 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر ہیں۔

محمد سلیمان اور سمیع منہاس کا شاندار ریکارڈ

پریذیڈنٹس ٹرافی کی بیٹنگ چارٹس پر 5 ویں نمبر پر موجود محمد سلیمان نے بھی 3 سینچریوں کی مدد سے 652 رنز بنا رکھے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان انڈر 19 میں شاندار کارکردگی دکھانے والے رائٹ ہینڈ بلے باز سمیع منہاس نے اپنے پہلے ہی فرسٹ کلاس سیزن میں 7 میچوں میں 405 رنز بنا کر سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کیا ہے۔

تجربہ کار کھلاڑیوں پر بھروسا برقرار

کپتان بابر اعظم کے ساتھ عبداللہ فضل، عرفات منہاس، اذان اویس، محمد عباس، وکٹ کیپرز محمد غازی غوری اور سعد بیگ، رضا اللہ اور سعود شکیل نے اسکواڈ میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر علی عثمان اور سلمان آغا بھی سیریز کے لیے منتخب کردہ 14 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

ٹیسٹ سیریز سے قبل 4 سے 6 نومبر تک اسلام آباد کلب میں سری لنکا کی ٹیسٹ ٹیم کے خلاف 3 روزہ وارم اپ میچ کھیلا جائے گا، جس کی قیادت وکٹ کیپر بلے باز سعد بیگ کریں گے۔

اس میچ میں ٹیسٹ اسکواڈ کے اہم کھلاڑی عبداللہ فضل، علی عثمان، اذان اویس، محمد سلیمان، محمد طہٰ اور سمیع منہاس بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

پیس اٹیک اور آخری 2 بولرز کا انتخاب

پیٹرنز الیون کے فاسٹ بولنگ شعبے میں محمد سلمان، شعیب اختر جونیئر، علی شبیر، ثاقب خان اور عبید شاہ شامل ہیں جبکہ بلے باز محمد طیب عارف بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

سلیکٹرز 6 نومبر کو وارم اپ میچ کے اختتام پر پیٹرنز الیون کے 2 بہترین تیز گیند بازوں کو مرکزی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کریں گے۔

مزید پڑھیں:بنگلہ دیشی مؤقف کی حمایت، پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو باضابطہ خط لکھ دیا

سیریز کا آغاز 4 سے 6 نومبر تک اسلام آباد کلب میں 3 روزہ وارم اپ میچ سے ہوگا۔ پہلا ٹیسٹ میچ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا اور حتمی ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوگا۔

پاکستان کا 14 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ

بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ فضل، علی عثمان، عرفات منہاس، اذان اویس، محمد عباس، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، محمد سلیمان، محمد طہٰ، رضا اللہ، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، سلمان آغا، سمیع منہاس اور سعود شکیل شامل ہیں۔

3 روزہ وارم اپ میچ کے لیے پیٹرنز الیون اسکواڈ

سعد بیگ (کپتان، وکٹ کیپر)، عبداللہ فضل، علی شبیر، علی عثمان، اذان اویس، محمد سلمان، محمد سلیمان، محمد طیب عارف، محمد طہٰ، ثاقب خان، سمیع منہاس، شعیب اختر جونیئر اور عبید شاہ شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp