گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ این ایف سی کے فنڈز بہت جلد مل جائیں گے کیونکہ ہم نے اپنی اسکیموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات، پشاور اسکول سانحے پر بریفنگ
مانکی شریف نوشہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ وفاق کے ذمے صوبے کے این ایف سی کے پیسے واجب الادا ہیں جبکہ یہ 160 ارب روپے خیبرپختونخوا کے لیے الگ پیکیج ہیں۔
انہوں کہا کہ وفاق نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مطالبہ کرنے پر فنڈز جاری کر دیے جائیں گے اور ایسی کوئی وجہ نہیں کہ ہمارے فنڈز جاری نہ ہوں یا ہمارے ترقیاتی کام رک جائیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ سابق صوبائی حکومت نے وفاق کے ساتھ تمام معاملات ختم کر دیے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ کسی کے ساتھ بیٹھتے ہیں تو دلیل اور دلائل سے انہیں قائل کریں وگرنہ گالیاں نکالنے سے کچھ حاصل نہیں ہوتا۔
مزید پڑھیے: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا جماعت اسلامی کے مرکز کا دورہ، مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال
فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ تاریخ کی سب سے بڑی ایپکس کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوا جس میں فیلڈ مارشل اور وزیراعظم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کے سامنے اپنے صوبے کا مقدمہ پیش کیا۔
گورنر کا کہنا تھا کہ وفاق نے صوبے کے لیے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا اور گندم کا مسئلہ حل کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاق نے مزید فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور ہم تمام سیاسی رہنماؤں اور مشیران کے ساتھ مل کر صوبے کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ ان کی خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے صوبے کے سیاسی اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی اہم ملاقات، کیا کچھ زیر بحث آیا؟
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا اور دہشتگردی کا خاتمہ ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا کر صوبے کی ترقی کو یقینی بنانا ہوگا۔











