سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام نے ویڈیو کریئیٹرز کے لیے اپنی مقبول ایڈیٹنگ ایپ ’Edits‘ کا ڈیسک ٹاپ ورژن متعارف کرا دیا ہے جس کے ذریعے اب میک کمپیوٹر استعمال کرنے والے افراد مفت میں ویڈیوز ایڈٹ کرنے کے ساتھ انہیں براہِ راست انسٹاگرام پر شائع بھی کر سکیں گے۔
کمپنی کی جانب سے 5 نومبر کو جاری کیے گئے اس نئے ورژن میں متعدد جدید فیچرز شامل کیے گئے ہیں جن میں ملٹی ٹریک ویڈیو ایڈیٹنگ، خودکار کیپشنز اور بغیر واٹر مارک کے 4K کوالٹی میں ویڈیوز ایکسپورٹ کرنے کی سہولت نمایاں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انسٹاگرام پر 90 منٹ تک کی طویل ویڈیوز پوسٹ کرنے کا نیا فیچر متعارف
نئی ایپ کے ذریعے صارفین کو ویڈیوز ایڈٹ کرنے کے بعد انہیں موبائل فون میں منتقل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ اپنے میک کمپیوٹر سے ہی براہِ راست انسٹاگرام پر ویڈیوز اپ لوڈ کر سکیں گے۔
ایڈٹنگ کے جدید فیچرز کیا ہیں؟
انسٹاگرام Edits کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں ویڈیو اور آڈیو کی متعدد ٹریکس پر بیک وقت کام کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ٹرانزیشنز کو بہتر بنانے کے لیے کی فریمز اور آڈیو ویوفارمز بھی شامل کیے گئے ہیں جس سے ویڈیوز کی ایڈیٹنگ زیادہ آسان اور پیشہ ورانہ انداز میں کی جا سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ’انسٹاگرام لڑکیوں کے لیے ہے‘، ایلون مسک کے طنزیہ بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی
صارفین ویڈیوز کے رنگوں میں تبدیلی، اپنی پسند کے فونٹس درآمد کرنے اور کی بورڈ شارٹ کٹس کو اپنی ضرورت کے مطابق ترتیب دینے کے قابل ہوں گے۔
ایپ میں انسٹاگرام کی لائسنس یافتہ میوزک لائبریری، رائلٹی فری آڈیو، ساؤنڈ ایفیکٹس، ویڈیو ایفیکٹس اور متعدد زبانوں میں خودکار کیپشنز بنانے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ مزید یہ کہ موبائل ایپ میں محفوظ کیے گئے آڈیو اور ٹیکسٹ اسٹائلز بھی ڈیسک ٹاپ ورژن میں استعمال کیے جا سکیں گے۔
اے آئی ٹیکنالوجی سے ویڈیو ایڈیٹنگ مزید آسان
نئے ڈیسک ٹاپ ورژن میں مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ایڈیٹنگ ٹولز بھی شامل کیے گئے ہیں۔ صارفین میٹا کے ’Muse‘ سمیت منسلک اے آئی ایجنٹس کی مدد سے اپنی ویڈیوز کے ابتدائی ایڈیٹنگ کٹس تیار کر سکیں گے، جنہیں بعد میں اپنی مرضی کے مطابق مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکارہ اور پروڈیوسر ایشوریہ لکشمی کو ’انسٹاگرام‘ چھوڑنے کے بدلے میں کیا ملا؟
یہ فیچر ویڈیو کریئیٹرز کو کم وقت میں معیاری مواد تیار کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔
کیا یہ ایپ ونڈوز صارفین کے لیے بھی دستیاب ہے؟
فی الحال انسٹاگرام Edits کا ڈیسک ٹاپ ورژن صرف میک کمپیوٹرز کے لیے متعارف کرایا گیا ہے جبکہ ونڈوز ورژن کی دستیابی سے متعلق کمپنی نے تاحال کوئی حتمی تاریخ جاری نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیں: انسٹاگرام صارفین جعلی کاپی رائٹ شکایات کے نئے فراڈ کا شکار
انسٹاگرام مستقبل میں ایسا نظام متعارف کرانے پر بھی کام کر رہا ہے جس کے ذریعے صارفین ایک ہی ویڈیو پروجیکٹ کو موبائل اور ڈیسک ٹاپ دونوں ڈیوائسز پر ایڈٹ کر سکیں گے۔ تاہم یہ سہولت ابھی مکمل طور پر دستیاب نہیں ہے۔
CapCut کے لیے نیا چیلنج
میٹا نے اپریل 2025 میں موبائل صارفین کے لیے Edits ایپ متعارف کرائی تھی جسے ٹک ٹاک کی پیرنٹ کمپنی بائٹ ڈانس کی مقبول ویڈیو ایڈیٹنگ ایپ CapCut کے متبادل کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ’جنریشن زی ووٹرز‘ کو لبھانے کے لیے مودی کا نیا روپ، انسٹاگرام پر انوکھے انداز میں مہم شروع
CapCut پہلے ہی ونڈوز اور میک دونوں پلیٹ فارمز پر ڈیسک ٹاپ ایڈیٹنگ کی سہولت فراہم کر رہی ہے جبکہ انسٹاگرام نے جون 2026 میں اپنے ڈیسک ٹاپ ایپ کے منصوبے کا ابتدائی اعلان کیا تھا۔
کمپنی کے مطابق موبائل پر 5 کروڑ سے زائد کریئیٹرز Edits استعمال کر رہے ہیں۔ انسٹاگرام نے ڈیسک ٹاپ ورژن کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ہفتے نئی اپ ڈیٹس جاری کرنے کا منصوبہ بھی ظاہر کیا ہے۔
اس نئی پیش رفت سے ویڈیو کریئیٹرز کو ایک مفت متبادل میسر آئے گا جبکہ ویڈیو ایڈیٹنگ کے شعبے میں انسٹاگرام اور CapCut کے درمیان مقابلہ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔











