پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل 19 ٹی 20 میچز کھیلے گی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف 10 اضافی ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 24۔23 کے سیزن میں نیوزی لینڈ کے خلاف 10 اضافی ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ یہ اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد پاکستان کرکٹ ٹیم کو 2024ء کے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل تیاری کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا میں 14 دسمبر سے 7 جنوری تک آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 3 میچ کھیلنے کے بعد نیوزی لینڈ پہنچے گی جہاں وہ 5 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی جو دراصل ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اس کی تیاریوں کا آغاز ہوگا۔ یہ میچز 12 سے 21 جنوری تک کھیلے جائیں گے۔ میچوں کا شیڈول اس طرح ہے۔
12 جنوری ۔ پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل ۔ آکلینڈ۔
14 جنوری۔ دوسرا ٹی 20 انٹرنیشنل۔ ہیملٹن۔
17 جنوری ۔ تیسرا ٹی 20 انٹرنیشنل۔ ڈنیڈن۔
19 جنوری ۔ چوتھا ٹی 20 انٹرنیشنل ۔ کرائسٹ چرچ۔
21 جنوری۔ پانچواں ٹی 20 انٹرنیشنل۔ کرائسٹ چرچ۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورۂ نیوزی لینڈ کے جواب میں نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم اپریل 2024ء میں پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں وہ 5 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ اس دورے کی تفصیلات دورہ قریب آنے کے وقت جاری کی جائیں گی۔ ان 10 اضافی ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کا مطلب یہ ہے کہ ویسٹ انڈیز اور امریکا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم 19 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی جن میں 10 نیوزی لینڈ کے خلاف 3 ہالینڈ کے خلاف 2 آئرلینڈ کے خلاف اور 4 انگلینڈ کے خلاف ہوں گے۔ ان 19 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ فروری، مارچ 2024 میں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی میزبانی بھی کرے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان اضافی ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کو شیڈول کرنے کے لیے نیوزی لینڈ کرکٹ اور ویسٹ انڈیز کرکٹ سے مشاورت کے بعد اپنے فیوچر ٹور پروگرام 2025۔2023 میں معمولی ردو بدل کیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 2 ٹیسٹ میچز جو پہلے فروری 2024ء میں پاکستان میں کھیلے جانے تھے اب جنوری 2025ء میں کھیلے جائیں گے اسی طرح پاکستانی کرکٹ ٹیم کا دورۂ نیوزی لینڈ جو جنوری 2025ء میں ہونا تھا اب اپریل 2025ء میں ہوگا۔ اس دورے میں پاکستانی ٹیم 3 ون ڈے انٹرنیشنل اور 5 ٹی ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ اسی سال اپریل اور مئی میں راولپنڈی اور لاہور میں 5 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی دلچسپ سیریز کھیل چکے ہیں جو دو، 2 سے برابر رہی تھی۔ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل پاکستان نے نیوزی لینڈ میں کھیلی گئی سہ فریقی ٹی 20 سیریز جیتی تھی جس میں تیسری ٹیم بنگلہ دیش تھی۔
آئی سی سی کی ٹی 20 انٹرنیشنل ٹیم رینکنگ میں نیوزی لینڈ اور پاکستان اسوقت بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں اور دونوں کے درمیان صرف 2 پوائنٹس کا فرق ہے۔
آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 25۔2023
دریں اثنا پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کے دورۂ نیوزی لینڈ کے شیڈول کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ پاکستانی ویمنز ٹیم اس سال دسمبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف 3 ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے گی جس کے بعد وہ 3 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی جو آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔ ان میچوں کا شیڈول اس طرح ہے۔
3 دسمبر ۔ پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل ۔ ڈنیڈن۔
5 دسمبر ۔ دوسرا ٹی 20 انٹرنیشنل ۔ ڈنیڈن۔
9 دسمبر ۔ تیسرا ٹی 20 انٹرنیشنل ۔ کوئنز ٹاؤن۔
12 دسمبر ۔ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ کوئنز ٹاؤن۔
15 دسمبر ۔ دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل کرائسٹ چرچ۔
18 دسمبر ۔ تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ کرائسٹ چرچ۔
آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز پاکستانی ویمنز ٹیم کی اس سال تیسری سیریز ہوگی۔اس سے قبل وہ یکم سے 14 ستمبر تک کراچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز اور پھر اکتوبر میں بنگلہ دیش کے خلاف اسی کے ملک میں سیریز کھیلے گی۔
پاکستانی ویمنز ٹیم کی آئی سی سی چیمپئن شپ میں آخری 2 سیریز ویسٹ انڈیز کے خلاف اپریل 2024 میں پاکستان میں جبکہ مئی 2024 میں انگلینڈ کے خلاف انگلینڈ میں ہوں گی۔
پاکستانی ویمنز ٹیم نے ابھی تک جو 3 سیریز کھیل رکھی ہیں ان میں اس نے سری لنکا کو 2 ایک سے اور آئرلینڈ کو 3 صفر سے شکست دی ہے جبکہ آسٹریلیا کے خلاف اسے 3 صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں خواتین ٹیمیں ابتک 9، نو میچوں پر مشتمل تین، 3 ون ڈے سیریز کھیل چکی ہیں اور دونوں کے دس، 10 پوائنٹس ہیں۔
پاکستان مینز ٹیم کا نظرثانی شدہ فیوچر ٹور پروگرام
پاکستان مینز ٹیم کا نظرثانی شدہ فیوچر ٹور پروگرام 2025۔2023
( اس میں شامل تمام ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شمار ہوں گے) ۔
24۔2023 ء
جولائی۔ پاکستانی ٹیم کا دورۂ سری لنکا (2 ٹیسٹ)۔
اگست۔ پاکستان بمقابلہ افغانستان (3 ون ڈے انٹرنیشنل)
ستمبر۔ اے سی سی 50 اوورز کا ایشیا کپ، پاکستان اور سری لنکا میں۔
اکتوبر، نومبر۔ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ ۔ بھارت۔
دسمبر، جنوری۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا دورۂ آسٹریلیا (3 ٹیسٹ)
جنوری۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا دورۂ نیوزی لینڈ (5 ٹی 20 انٹرنیشنل)
اپریل۔ نیوزی لینڈ ٹیم کا دورۂ پاکستان (5 ٹی 20 انٹرنیشنل)
مئی۔ پاکستانی ٹیم کا دورۂ ہالینڈ (3 ٹی 20 انٹرنیشنل)
دورۂ آئرلینڈ (2 ٹی 20 انٹرنیشنل) دورۂ انگلینڈ (4 ٹی 20 انٹرنیشنل)
جون۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024۔ ویسٹ انڈیز اور امریکا۔
25۔2024ء
اگست۔ بنگلہ دیش کا دورۂ پاکستان (2 ٹیسٹ)۔
اکتوبر۔ انگلینڈ کا دورہ پاکستان (3 ٹیسٹ)
نومبر۔ پاکستانی ٹیم کا دورہ آسٹریلیا (3 ون ڈے انٹرنیشنل اور 3 ٹی 20 انٹرنیشنل)
نومبر، دسمبر۔ پاکستانی ٹیم کا دورۂ زمبابوے (2 ٹیسٹ 3 ون ڈے انٹرنیشنل اور 3 ٹی 20 انٹرنیشنل)
دسمبر جنوری ۔ پاکستانی ٹیم کا دورۂ جنوبی افریقہ (2 ٹیسٹ 3 ون ڈے انٹرنیشنل اور 3 ٹی 20 انٹرنیشنل)
جنوری۔ ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان (2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل)
فروری۔ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کا دورۂ پاکستان ( سہ فریقی ون ڈے سیریز )
فروری، مارچ۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان میں۔
اپریل۔ پاکستانی ٹیم کا دورۂ نیوزی لینڈ (3 ون ڈے انٹرنیشنل اور 5 ٹی 20 انٹرنیشنل)۔
مئی۔ بنگلہ دیش کا دورۂ پاکستان (3 ون ڈے انٹرنیشنل اور 3 ٹی 20 انٹرنیشنل)