کشمورپولیس نے سندھ بلوچستان بارڈر پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 4 سالہ مغوی بچے کو بازیاب کروا لیا ہے۔
کشمورپولیس کا کہنا ہے کہ اس نے سندھ بلوچستان بارڈرکے قریب انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کر کے اغوا کاروں سے 4 سالہ بچے محمد عظیم مینک کو بازیاب کروا لیا ہے۔
کشمورپولیس کا کہنا ہے کہ سندھ بلوچستان بارڈر کے قریب پولیس اسٹیشن آر ڈی109 کی حدود میں اغوا کاروں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی جس پر ایس ایچ او رسالدار اور انچارج سی آئی اے کی اسپیشل ٹیم نے سندھ بلوچستان بارڈر کے قریب انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کی اور 26 جولائی 2023 کو علاقہ رسالدار سے اغوا ہونے والے 4 سالہ بچے محمد عظیم مینک کو بازیاب کروا لیا گیا۔
کارروائی کے دوران اغوا کاروں نے پولیس کے ساتھ مقابلہ اور فائرنگ کا تبادلہ بھی کیا تاہم پولیس نے کامیاب کارروائی کی اور بچے کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔
محمد عظیم مینک کے اغوا کا کیس کرائم 06/2023 انڈر سیکشن 365A، 363 پوليس اسٹیشن رسالدار میں داخل کیا گیا تھا۔