قومی اسمبلی میں سگریٹ پینے کا واقعہ، اسپیکر کی سرزنش، اجلاس 13 مارچ تک ملتوی

جمعہ 8 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی اسمبلی کااجلاس جمعہ کو اسپیکر سردارایازصادق کی زیرصدارت میں شروع ہوا تو سنی اتحاد کونسل کی طرف سے کورم کی نشاندہی کے ذریعے ایوان کی کارروائی ملتوی کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔

جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے آغاز پر سنی اتحاد کونسل کے رکن شاہد خان نے ایوان میں کورم کی نشاندہی کر دی جس پر اسپیکر نے گنتی کا حکم دیا۔

ارکان کی مطلوبہ تعداد پوری نکلنے پر ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع کر دی گئی۔ واضح رہے کہ اس دوران سنی اتحاد کونسل کے ارکان ایوان سے واک آؤٹ بھی کر گئے تھے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں بینظیربھٹوکوخراج تحسین پیش کرنےکی قراردادمنظور

قومی اسمبلی اجلاس میں سابق وزیراعظم بینظیربھٹوکوخراج تحسین پیش کرنےکی قرارداد کثرت رائے منظورسے منظور کرلی گئی۔

جمعہ کو اسپیکر قومی اسمبلی سردارایازصادق نے مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین سے حلف لیا، نو منتخب اراکین کے حلف کے دوران سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے شور شرابا کیا۔

اجلاس میں سحرکامران کی جانب سےعالمی یوم خواتین پرسابق وزیراعظم بینظیربھٹوکوخراج تحسین پیش کرنےکی قرار داد بھی پیش کی گئی۔

قراردادکےمتن میں سحر کامران نے لکھا کہ تاریخ کی پہلی مسلم خاتون وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، خواتین کے ساتھ ہراسانی اور تشدد کے واقعات کی مذمت کرتی ہوں۔

خواتین کے حقوق اور صنفی مساوات قائم کرنے کا مطالبہ کرتی ہوں، خواتین کے لیے تعلیم، صحت، سماجی تحفظ کے برابر کے مواقع فراہم کرنے کا مطالبہ کرتی ہوں، ایسے مستقبل کا مطالبہ کرتی ہوں جہاں خواتین کے لیے ترقی کرنے کے مساوی مواقع ہوں گے۔

اسپیکر سردارایازصادق نے اہم رولنگ جاری کردی

 قومی اسمبلی میں اسپیکر ایاز صادق اس وقت برہم ہو گئے جب ایک رکن پارلیمنٹ نے اسمبلی ہال میں سیگریٹ پینا شروع کر دیا۔

اسپیکر ایاز صادق نےبرہمی کا اظہار کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں سگریٹ پینے کے واقعے کو پارلیمانی تاریخ کا پہلا واقعہ قرار دے دیا۔

ایاز صادق نے  کہا کہ ایوان میں پانی بھی پینا ہو تو اس کے لیے باقاعدہ اجازت لینی ہوتی ہے لیکن افسوس ہے کہ یہاں پر نشہ بھی کیا جاتا ہے۔

ایاز صادق نے اراکین اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ کسی کو اپنے ہمراہ اسمبلی میں نہ لائیں، اس ایوان میں کسی کو کوئی ویڈیو کلپ بنانے کی اجازت نہیں ہے ،یہاں ٹک ٹاک بنائی جاتی ہیں جن کی کوئی اجازت نہیں ہے۔

تمام ممبران ایوان کے تقدس کا خیال رکھیں ،کسی قسم کی نشہ آور شے بھی استعمال نہیں کی جاسکتی، قومی اسمبلی کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار ایک معزز ممبر نے سگریٹ پی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ایوان کی گیلریاں بھی اس ایوان کا حصہ ہیں، ایوان میں گیلریوں میں صرف ارکان اور ممبران یا جن کو دعوت نامے جاری ہوں گے صرف وہی بیٹھ سکتے ہیں۔ قومی اسمبلی کا اجلاس بروز بدھ 13 مارچ 2024 کو دن 2 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp