کیا پی سی بی کے گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی سے کوچنگ کے معاملات طے پاگئے؟

اتوار 7 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرکٹ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی کو قومی تیم کے نئے کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، گیری کرسٹن کو ٹی 20 اور ون ڈے ٹیموں کی کوچنگ کے لیے جبکہ سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر جیسن گلیسپی کو ریڈ بال کا کوچ منتخب کیا گیا ہے۔

کرکٹ پاکستان کے مطابق پی سی بی نے جنوبی افریقا کے گیری کرسٹن اور آسٹریلیا کے جیسن گلیسپی کو مردوں کی قومی ٹیم کا کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، لیکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس کا باضابطہ اعلان رسمی کارروائیوں کی تکمیل کے بعد کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق دونوں کوچز کے ساتھ معاملات طے پاچکے ہیں تاہم باقاعدہ اعلان 15 اپریل کے بعد کیا جائے گا، کیونکہ پی سی بی نے اپنی ویب سائٹ پر اسامیوں کا اشتہار دے رکھا ہے اور 15 اپریل تک درخواستیں بھی طلب کی ہیں۔ پی سی بی نے  18 اپریل سے شروع ہونے والی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز سے قبل کوچز کا انتخاب کرنا ہے۔

واضح رہے قومی ٹیم کی اگلی اہم اسائنمنٹ ٹی20 ورلڈ کپ ہے جو رواں سال جون میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں مشترکہ طورپر منعقد ہوگا۔ اس سے قبل پی سی بی کرکٹ ٹیم کے لیے بہترین کوچز کا انتخاب کرنا چاہتی ہے۔

ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد پی سی بی کے سیٹ اپ میں بڑی تبدیلیاں رونما ہوئیں، پی سی بی کے سیٹ اپ میں تبدیلی کے بعد نومبر 2023 میں مکی آرتھر، گرانٹ بریڈ برن اور اینڈریو پوٹک نے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ تاہم بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے بعد پی سی بی نے نئے کوچز رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر جلد ہی عمل درآمد ہوجائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp