آزادی صحافت کے عالمی دن پر صدر اور وزیراعظم نے کیا پیغام دیا؟

جمعہ 3 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر آصف علی زرداری نے صحافیوں کے تحفظ کے لیے اقدامات شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اہم امور پر آزادانہ رپورٹنگ کرسکیں۔

پاکستان کا آئین پریس کی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔ آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ میڈیا کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ صحافتی اخلاقیات کی پاسداری کرے اور قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ اور درست رپورٹنگ کرے۔

صدر زرداری نے صحافیوں کو ڈرانے دھمکانے یا ہراساں کرنے سے پاک ماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ وہ آزادانہ طور پر اپنی رائے کا اظہار کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم دنیا میں جمہوری اقدار کے فروغ کے ساتھ ساتھ سماجی اور معاشی اہمیت کے مسائل بالخصوص موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کے بارے میں شعور اجاگر کرنے میں میڈیا کے قابل ستائش کردار کو بھی تسلیم کرتے ہیں۔

مجھے امید ہے کہ میڈیا عالمی تشویش کے مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کرنے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ مجھے یقین ہے کہ ان مسائل کی میڈیا کی وکالت ہمارے سیارے کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرے سے بچانے کے لیے بین الاقوامی اقدامات کو فروغ دے گی۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آزادی صحافت کا عالمی دن ہر سال 3 مئی کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد ایک ایسا ماحول پیدا کرنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے جہاں میڈیا آزاد اور متنوع ہو اور ہمارے آئین میں درج ذمہ داری کے ساتھ آزادی حاصل ہو۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اپنے ملک میں پریس کی آزادی کی صورتحال پر غور کرنے اور صحافیوں کے لیےمحفوظ اور سازگار کام کا ماحول پیدا کرنے کی کوششیں کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

ہم سمجھتے ہیں کہ عالمی اہمیت کے مسائل کو اجاگر کرنے، جعلی خبروں اور خرافات کو دور کرنے اور معاشرے کے نگران کے طور پر کام کرنے کے لیے ایک آزاد پریس ضروری ہے۔ موسمیاتی تبدیلی، سبز ٹیکنالوجی، آلودگی اور گلوبل وارمنگ سمیت عالمی تشویش کے مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں میڈیا کا بھی اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال پریس کی آزادی کے عالمی دن کا موضوع ’پریس فار پلانیٹ: ماحولیاتی بحران میں صحافت‘ موسمیاتی تبدیلی اور انسانی زندگی اور ماحول پر اس کے اثرات کے بارے میں لوگوں کو آگاہی پیدا کرنے اور تعلیم دینے میں آزاد پریس کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ میڈیا جنگلات کو فروغ دینے، صاف ستھری ٹیکنالوجی کو اپنانے، کاربن کے اخراج کو کم کرنے اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے ذریعے لوگوں کو ماحول کے تحفظ کی ترغیب دینے میں اپنا کردار ادا کرسکتا ہے تاکہ ہمارے ماحولیاتی نظام پر موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کم کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ اس موضوع پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے کہ ایک آزاد اور ذمہ دار پریس کو موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں گمراہ کن معلومات کے خلاف ایک محافظ کے طور پر کام کرنا چاہیے۔

صدر مملکت نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ جعلی خبروں کی روک تھام اور اخلاقی اقدار کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے۔

صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو سلام، حریت فکر کے محافظوں کو خراج تحسین: وزیراعظم محمد شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں سچائی کی جنگ لڑنے والے صحافیوں، اہل قلم، کیمرہ مینوں اور دیگر میڈیا ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ غزہ میں کوریج کے دوران جان قربان کرنے والے مرد وخواتین صحافی انسانیت کے ہیروز ہیں، انہیں سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ جبر سے لڑنا اور سچائی کو سامنے لانا ہی آزادی صحافت کے عالمی دن کا پیغام اور تاریخ کا سبق ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ صحافت اور اظہار کی آزادی جمہوریت کی بنیاد، شہری حقوق کے تحفظ کی دیوار اور معاشرے میں سچائی کی پکار ہے۔ میڈیا اور تمام فریقین کو مل کر درست اطلاعات اور میڈیا کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ میڈیا اور اظہار کی آزادی کو جمہوریت کی بقا اور زندگی کا معاملہ سمجھتے اور اس پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ16 ماہ کی ہماری حکومت کے اقدامات سے پاکستان پریس فریڈم کے عالمی انڈیکس میں 7 درجے بہتر ہوا تھا۔ 16 ماہ کی حکومت کے دوران میڈیا کے تحفظ کے لیے قانون سازی، ہیلتھ انشورنس، میڈیا انڈسٹری کے اربوں روپے اور این آئی آر سی کے ذریعے میڈیا ورکرز کو کروڑوں روپے کے واجبات کی ادائیگی ہوئی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میڈیا انڈسٹری کی بہتری اور اسے مسائل سے نکالنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے، میڈیا اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر تعاون کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp