پاکستان سے حج آپریشن کا آغاز آج سے ہو رہا ہے، حج آپریشن 9 مئی سے 10 جون تک جاری رہے گا، پی آئی اے 34 ہزار عازمین کو 170 پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق 19 ہزار سرکاری حج اسکیم اور 15 ہزار پرائیویٹ عازمین پی آئی اے سے سفر کریں گے۔ اسلام آباد، کراچی سمیت 8 شہروں سے جدہ مدینہ کے لیے براہ راست پروازیں آپریٹ ہوں گی۔
روڈ ٹو مکہ
مزید پڑھیں
ترجمان کے مطابق رواں سال روڈ ٹو مکہ منصوبہ اسلام آباد اور کراچی کے ہوائی اڈوں پر دستیاب ہوگا۔ عازمین حج سعودی امیگریشن پاکستان ہی میں کروائیں گے۔ پی ائی اے نے حجاج کی آگاہی کے لیے ایک ہدایت نامہ بھی جاری کیا ہے، حجاج کرام ٹکٹ بنواتے وقت اپنے موبائل نمبرز کا اندراج لازمی کروائیں تاکہ انہیں ان کی پرواز سے متعلق بروقت معلومات میسر رہے۔ پہلے 15 روز تمام پروازیں مدینہ منورہ ایئر پورٹ پر اتریں گی۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق پہلے 15 روز تمام پروازیں براہِ راست مدینہ منورہ ایئر پورٹ پر اتریں گی۔ جب کہ 24 مئی تا 9 جون تک بیشتر پروازیں جدہ ایئر پورٹ پر اتریں گی۔ پہلے روز 11 پروازوں سے 2160 عازمین سعودی عرب جائیں گے۔ پہلے روز اسلام آباد سے 3 پروازوں کے ذریعہ 680 عازمینِ حج سعودی عرب پہنچیں گے۔
پہلے روز کراچی سے ایئربلیو اور ایئر سیال کی 1، 1 پرواز سے 330 عازمین ، جبکہ لاہور سے 3 پروازوں سے 670، ملتان سے پہلے روز 2 پروازوں سے 329، سیالکوٹ سے 1 پرواز سے 151 عازمین مدینہ منورہ پہنچیں گے۔کوئٹہ سے پہلی حج پرواز 11 مئی اور سکھر سے 27 مئی کو روانہ ہو گی۔
259 حج پروازوں کے ذریعے 68 ہزار سے زائد سرکاری عازمینِ حج سعودی عرب پہنچیں گے۔ 20 جون کو پہلی پرواز حجاجِ کرام کو لے کر وطن واپس پہنچے گی۔
حج فلائٹ آپریشن کی تیاریاں مکمل
ملک بھر کے بین الاقوامی ایئرپورٹس پر حج آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، حکام کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سمیت ملک بھر کے بین الاقوامی ایئرپورٹس پر حج آپریشن کا آغاز بدھ کی رات سے ہوگا۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے پہلی حج پرواز بدھ کی رات 1:45 بجے روانہ ہوگی۔
حکام کے مطابق روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت عازمین حج کی امیگریشن سعودی حکام کراچی میں ہی کریں گے۔ کراچی میں امیگریشن کے بعد سعودی عرب میں عازمین کی امیگریشن نہیں ہوگی۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق سعودی امیگریشن کے لیے ایئرپورٹ پر خصوصی کاؤنٹر بنائے گئے ہیں۔
زعیم اقبال شیخ کا دورہ کراچی ایئرپورٹ
قبل ازیں ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون زعیم اقبال شیخ کا حج آپریشن 2024 کی نگرانی کے لیے کراچی ایئرپورٹ کا دورہ کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نے ایئرپورٹ حکام سے ملاقات کیں، جب کہ انہیں حج آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
ڈائریکٹر کراچی زون نے روڈ ٹو مکہ آپریشن کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر امیگریشن عملے کو عازمین حج کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے خصوصی ہدایات دیں۔
ڈائریکٹر زعیم اقبال نے کہا کہ حج پروازوں کے دوران خصوصی کاؤنٹرز چلائے جائیں۔ امیگریشن کلیئرنس کے عمل کو آسان بنایا جائے، بزرگ شہریوں کے لیے ان کے مذہبی سفر کو بہترین سہولیات سے آراستہ کیا جائے۔
انہوں نے آگاہ کیا کہ امیگریشن آفسران کی حج آپریشن کے دوران حاضری کو یقینی بنایا جائے، کسی قسم کی غفلت یا لاپروائی کی صورت میں سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔