قائمہ کمیٹی اطلاعات نے صحافیوں کے تحفظ کے لیے کمیشن کے قیام کی متفقہ منظوری دیدی

بدھ 28 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا کے متعارف کرائے گئے بل کی شق 20D سے لے کر تمام شقوں کا جائزہ لیتے ہوئے بل کو متعدد ترامیم کے ساتھ منظور کرلیا گیا۔

چیئرمین کمیٹی سینیٹر سید علی ظفر کی زیرصدارت اجلاس میں 10 جولائی 2024 کو ہونے والے کمیٹی اجلاس کے منٹس کی منظوری دی گئی، جبکہ مختلف بلوں کا جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں قائمہ کمیٹی سینیٹ: ریڈیو پاکستان کی اراضی لیز پر دینے سے متعلق تفصیلات طلب

قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں صحافیوں، میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ اور معلومات تک رسائی کے حق سے متعلق ضروری ترمیمی بلوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین کمیٹی کی خصوصی دعوت پر پاکستان کے نامور صحافیوں جیسا کہ محمد مالک کے علاوہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور ترمیمی بلوں پر اپنی تجاویز دیں۔

صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ کے حوالے سے کمیٹی نے اتفاق کیاکہ صحافی اور میڈیا پروفیشنلز ریاست کے چوتھے ستون یعنی میڈیا کے نمائندے ہیں لہٰذا ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ انہیں جسمانی تشدد، من مانی گرفتاریوں سے تحفظ فراہم کرے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے صحافیوں کے تحفظ کے لیے کمیشن کے قیام کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔

کمیٹی نے مزید تجویز دی کہ میڈیا پروفیشنل اور پی ایف یو جے کے نمائندے وزارت اطلاعات و نشریات کے ساتھ مل کر ایک مسودہ تیار کریں اور صحافی کی سرکاری تعریف بیان کریں۔

کمیٹی نے پنجاب اسمبلی سے منظور کیے گئے متنازعہ ہتک عزت ایکٹ پر بھی بات کی، چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ اس قانون کے ملک گیر اثرات ہیں اس لیے کمیٹی میں اس پر بحث کی ضرورت ہے۔

اس پر سینیٹر پرویز رشید نے مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ ایک صوبہ قانون بنا چکا ہے ہمیں پنجاب کے ایڈوکیٹ جنرل کو سننا چاہیے۔

کمیٹی نے مشورہ دیا ہے کہ میڈیا پروفیشنلز تمام اسٹیک ہولڈرز کی اتفاق رائے سے اس سلسلے میں ہتک عزت ایکٹ 2002 کا مسودہ کمیٹی کے اگلے اجلاس میں پیش کریں۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں 10 جولائی 2024 کو ہونے والے کمیٹی اجلاس کے منٹس کی متفقہ طور پے منظوری دی گئی۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں 20 نومبر 2023کو منعقدہ سینیٹ اجلاس میں سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمورکے پرائیویٹ ممبر بل برائے معلومات تک رسائی کا حق (ترمیمی) بل، 2023 کے حوالے سے سینیٹر زرقہ تیمور سہروردی نے کہاکہ وزارت کی طرف سے بھیجے گئے ڈرافٹ کو پڑھ لیا ہے، وزارت اطلاعات و نشریات کے ساتھ مل کر ان کا جائزہ لونگی اور آئندہ کمیٹی اجلاس میں ڈرافٹ فراہم کیا جائے گا تاکہ قائمہ کمیٹی اس کا تفصیلی جائزہ لے سکے۔

جس پر چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ وزارت اطلاعات و نشریات اور وزارت قانون کے حکام سینیٹر زرقہ تیمور سہروردی کے ساتھ بل کا جائزہ لے کر کمیٹی کو ڈرافٹ فراہم کریں۔

سینیٹر منظور احمد کے معلومات تک رسائی کے ترمیمی بل کے حوالے سے چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ سینیٹر منظور احمد نے آئندہ اجلاس تک اسے موخر کرنے کی درخواست کی ہے، قائمہ کمیٹی نے آئندہ اجلاس تک یہ ایجنڈہ موخر کردیا۔

یہ بھی پڑھیں بجلی کے بلوں میں ٹی وی کے ساتھ ریڈیو فیس بھی وصول کرنے کا فیصلہ

قائمہ کمیٹی کے آج کے اجلاس میں چیئرمین کمیٹی سینیٹر سید علی ظفر، سینیٹر پرویز ر شید، سینیٹر محمد طلال بدر، سینیٹر عبدالشکور خان، سینیٹر جان محمد، سینیٹر ڈاکٹر زرقہ سہروردی، سینیٹر سلیم مانڈوی والا کے علاوہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp