رہنما تحریک انصاف عالیہ حمزہ نے کہا ہے کہ ہم پرامن احتجاج کرکے واپس جارہے تھے کہ ہمیں مری روڈ پر محصور کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا احتجاج، راولپنڈی کے داخلی و خارجی راستے کنٹینرز بند
لیاقت باغ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ نے کہا کہ ہم پر امن طریقے سے احتجاج کرنے آئے تھے، اب احتجاج ختم ہونے پر واپس جارہے ہیں لیکن مری روڈ کی لائٹیں بند کر کے بدترین شیلنگ اور تشدد کیا جارہا ہے، ہم نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ہمیں محصور کر دیا گیا ہے۔
ہم پرامن ہیں، ایک ہی مطالبہ ہے ہمارے لیڈر کو رہا کریں، عالیہ حمزہ۔۔۔!!! pic.twitter.com/HRqmlX6Dlb
— Mughees Ali (@mugheesali81) September 28, 2024
عالیہ حمزہ نے کہا کہ ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ہمارے لیڈر عمران خان کو رہا اور عدلیہ کو آزاد کریں، جو آئینی ترمیم لائی جارہی ہے وہ ہمیں نامنظور ہے، اس آئینی ترمیم کے خلاف پورے ملک میں احتجاج ہورہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حماد اظہر کو چھڑانے کا الزام، شیخ امتیاز اور عالیہ حمزہ سمیت درجنوں رہنماؤں اور کارکنوں پر مقدمہ درج
انہوں نے کہا کہ آج پی ٹی آئی کارکنان پر ظلم ہوا ہے، ہر گلی میں پی ٹی آئی کارکنان پر شیلنگ کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب حکومت نے صوبائی محکمہ داخلہ کی شفارش پر راولپنڈی ڈویژن میں 2 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا تھا کہ ہفتہ اور اتوار کو راولپنڈی ڈویژن میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور اس قسم کی دوسری سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سیکیورٹی خدشات : راولپنڈی ڈویژن میں دفعہ 144 نافذ
دوسری طرف پی ٹی آئی نے راولپنڈی میں دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود آج احتجاجی ریلی نکالنے کی کوشش کی جس پر پنجاب پولیس اور پی آئی کارکنان کے درمیان کئی جگہوں پر تصادم ہوا ہے، پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی ہے۔