سعودی عرب کی کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (کاوسٹ) کی جانب سے 3 سے 6 ماہ کی مکمل طور پر فنڈڈ انٹرنیشنل انٹرن شپس کا اعلان کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا سمیت پوری دنیا کے ممالک سے لوگ اس انٹرن شپ کا حصہ بنتے ہیں۔
کنگ عبداللہ یونیورسٹی کا شمار دنیا کی معروف ترین یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے کیونکہ اس یونیورسٹی کو تحقیق کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے۔ اس یونیورسٹی میں دنیا کے بہترین سائنسدان جدید تحقیقات پر کام کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے طلبا یہاں آکر نئی تحقیقات میں حصہ لیتے ہیں۔
کنگ عبداللہ یونیورسٹی وقتاً فوقتاً مختلف شعبوں میں مکمل فنڈڈ انٹرن شپ کا اعلان کرتی رہتی ہے۔ ان انٹرن شپس میں طلبہ کو تحقیقی کام کرنے کا موقع ملتا ہے اور انہیں اس دوران مالی امداد بھی فراہم کی جاتی ہے۔
کنگ عبداللہ یونیورسٹی کی جانب سے اس سال مکمل فنڈڈ انٹرن شپ کے لیے کون سی چیزیں درکار ہیں؟ آئیں آپ کو بتاتے ہیں۔
واضح رہے کہ کنگ عبداللہ یونیورسٹی کی مکمل فنڈڈ انٹرن شپس کے لیے ضروری ہے کہ آپ کم از کم گریجویشن کی ڈگری حاصل کر چکے ہوں یعنی یہ انٹرن شپ گریجویشن یا ماسٹرز کے بعد حاصل کی جا سکتی ہے۔
کون سے ممالک شامل ہیں؟
یہ انٹرن شپ پروگرام دنیا کے دنیا کےتقریباً تمام ممالک کے لیے ہے اور ہر سال 130 سے زیادہ ممالک سے 130 انٹرنز کو منتخب کیا جاتا ہے اور انہیں انٹرن شپ کے دوران کسی تحقیقی پروجیکٹ میں شامل کیا جاتا ہے جس کی تکمیل کے بعد اس طالب علم کو اپنے ملک واپس جانا ہوتا ہے۔
اس انٹرن شپ کے لیے کون سے دستاویزات درکار ہیں؟
اس انٹرن شپ کو حاصل کرنے کے لیے گریجویشن یا ماسٹر کی ڈگری، آئلٹس سرٹیفکیٹ جس میں کم از کم 6.5 بینڈز ہوں، ٹوفل اسکور کم از کم 79 یا پھر کوئی انگریزی زبان میں مہارت کا سرٹیفکیٹ بھی قبول کر لیا جاتا ہے۔
لیکن یہاں اس بات کو واضح کرنا ضروری ہے کہ چونکہ اس یونیورسٹی میں انگریزی زبان بولی جاتی ہے اس لیے یہاں انٹرن شپ حاصل کرنے کے لیے آئلٹس کا ٹیسٹ دے دینا زیادہ بہتر ہے تاکہ انٹرن شپ حاصل کرنے کے چانسز بڑھ جائیں۔
اس کے علاوہ کم از کم 3.5 سی جی پی اے ہونا چاہیے لیکن اس سے کم سی جی پی اے والے بھی اپلائی کر سکتے ہیں۔
دنیا کی دیگر معروف یونیورسٹیز کے ساتھ تعاون کرتی ہے اور مشترکہ تحقیقاتی پروجیکٹس پر کام کرتی ہے۔ اپنی یونیورسٹی کے کسی پروفیسر کی جانب سے لکھا گیا لیٹر آف ریکمنڈیشن، سی وی اور موٹیویشن لیٹر درکار ہے۔
اس انٹرن شپ کے لیے کب اپلائی کرنے سکتے ہیں؟
اس انٹرن شپ پروگرام کی درخواست دینے کے لیے وقت کی کوئی پابندی نہیں ہے کیوں کہ یہ سلسلہ سارا سال جاری رہتا ہے۔
انٹرن شپ کے دوران جامعہ کون سے اخراجات اٹھاتی ہے؟
منتخب طلبا کے تمام تر اخراجات یونیورسٹی خود اٹھاتی ہے جن میں ہیلتھ انشورنس، ویزا، ایئر ٹکٹس، پرائیویٹ رہائش وغیرہ شامل ہیں۔ اس دوران طلبا کے تمام تر اخراجات یونیورسٹی کے ذمے ہوتے ہیں۔
انٹرن شپ میں طلبا کو ماہانہ وظیفہ کتنا ملتا ہے؟
اس انٹرن شپ کے دوران منتخب طلبا کو رہائش اور ہیلتھ انشورنس کے علاوہ ماہانہ وظیفہ بھی دیا جاتا ہے جو تقریباً 1000 امریکی ڈالر ہے۔ اس کے علاوہ طلبا کو تمام ثقافتی اور سماجی سرگرمیوں کو حصہ بھی بنایا جاتا ہے۔
صرف یہی نہیں بلکہ طلبا کو بنیادی لیبارٹریز، بڑی تحقیق اور کمیونٹی سہولیات تک رسائی بھی دی جاتی ہے۔
کن شعبوں میں انٹرن شپس آفر کی گئی ہیں؟
کنگ عبداللہ یونیورسٹی کی انٹرنیشنل انٹرن شپس سائنس، ٹیکنالوجی، انجینیئرنگ اور ریاضی وغیرہ کے شعبوں پر مرکوز ہے لیکن یونیورسٹی کی جانب سے ہر سال نئے منصوبے اور فیلڈز بھی شامل کی جاتی ہیں۔
اس وقت یونیورسٹی تقریباً 150 سے زائد تحقیقی پروجیکٹس آفر کر رہی ہے اور رواں برس بھی کچھ مزید شعبوں میں نئے منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔
ان شعبوں میں سائبر سیکیورٹی، ماحولیاتی سائنس اور انجینئرنگ، ارتھ سائنس اور انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنسز، اطلاقی ریاضی اور کمپیوٹیشنل سائنس شامل ہے۔
کاوسٹ انٹرن شپ کیسے کام کرتی ہے؟
مختلف پروجیکٹس کا بروقت اعلان کیا جاتا ہے لہذا اگر انٹرنز کسی پروجیکٹ میں دلچسپی رکھتے ہیں تو وہ فیکلٹی ممبرز سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
انٹرن شپ پروگرام کے لیے درخواست کیسے دی جائے؟
انٹرن شپ کے لیے یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر جا کر آن لائن درخواست دینی ہوتی ہے اور اکاؤنٹ بنانا ہوتا ہے۔
اس کے بعد انٹرن شپ پروگرام منتخب کرنا ہوگا اور درخواست میں دی گئی تمام تر تفصیلات پر کرنی ہوں گی۔