سعودی وزارت داخلہ نے دہشتگردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث 2 افراد کو سزائے موت دینے کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ریاض، سعودی عرب میں پاکستانی لباس کی مقبولیت، بڑھتا ہوا رجحان
وزارت کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سعودی شہری سعد بن بشیر الرویلی اور نائل بن ذابل الرویلی دہشتگرد گروہوں کے لیے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کی اسمگلنگ اور دہشتگرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں ملوث پائے گئے۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ان افراد پر الزامات ثابت ہونے کے بعد انہیں شرعی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ان کے خلاف تمام ثبوت مہیا کیے گئے۔
عدالت نے انہیں جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی۔ یہ سزا 5 ربیع الثانی 1446 ہجری بمطابق 7 نومبر 2024 کو سعودی عرب کے الجوف ریجن میں نافذ کی گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سعودی حکومت شریعت کے احکام کے نفاذ، عدل کی فراہمی اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔
مزید پڑھیے: سعودی عرب میں اپنی کمپنی کیسے اور کتنے ریال میں رجسٹرڈ کروا سکتے ہیں؟
وزارت نے خبردار کیا کہ جو کوئی بھی ملک کے امن کو نقصان پہنچانے یا شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کرے گا اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
وزارت داخلہ نے عوام کو ملک کے امن وامان میں تعاون کرنے کی اپیل کی اور قانون کی بالادستی قائم رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔