سپریم کورٹ: آئینی بینچ نے پی آئی اے کی نجکاری روکنے کا حکم واپس لے لیا

جمعرات 5 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے قومی ایئر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری روکنے کا حکم واپس لیتے ہوئے کیس نمٹا دیا ہے۔

دوران سماعت، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے آئینی بینچ کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے پی آئی اے انتظامیہ کو نئے پروفیشنل بھرتی کرنے کی اجازت دی تھی، حکومت کی طرف سے پی آئی اے نجکاری کا عمل شروع کیا تھا لیکن نجکاری کے عمل کی وجہ سے نئی بھرتیاں نہیں کی گییں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانیوں کے لیے خوشخبری: پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں پر عائد پابندی ختم

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کمیشن نجکاری کا عمل دوبارہ کرنے جارہا ہے، پی آئی اے فلائٹ آپریشن پر پابندی بھی ختم ہوگئی ہے۔

آئینی بینچ کے سرابراہ جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ دوبارہ نجکاری کے عمل میں اب شاید ریٹ زیادہ ملے۔

یہ بھی پڑھیں: خسارے کی شکار پی آئی اے کے ملازمین کے لیے اچھی خبر

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ نجکاری کا عمل کرکے حکومت سپریم کورٹ آرڈر کی خلاف ورزی تو نہیں کررہی، سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ نجکاری عدالت کو اعتماد میں لیکر کی جائے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ نجکاری پر اعتماد میں لینے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کر دی تھی۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ عدالت اپنا اعتماد دیتی ہے نجکاری اچھے طریقے سے کریں۔

جسٹس منصورعلی شاہ کیخلاف توہین عدالت کیس

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے وفاقی محتسب کی طرف سے جسٹس منصور علی شاہ کے خلاف توہین عدالت کیس بھی نمٹا دیا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی محتسب کیطرف سے جسٹس منصور کو توہین عدالت کا نوٹس دیا گیا تھا، وفاقی محتسب نے توہین عدالت کا نوٹس واپس لے لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جب تک آئینی بینچ نہیں بیٹھے گا کیا ہم غیر آئینی ہیں؟ جسٹس منصور علی شاہ

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ وفاقی محتسب نے اپنی متفرق درخواست بھی واپس لے لی ہے۔ اس موقع پر جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ یہ کیس تو ایسا لگتا ہے کہ ایک ہائیکورٹ نے دوسری ہائیکورٹ کو نوٹسز کیے۔

واضح رہے کہ وفاقی محتسب یاسمین عباسی کو خاتون کیخلاف ہراسگی کی کارروائی سے لاہور ہائیکورٹ کے سابق جج منصور علی شاہ نے روک دیا تھا تاہم وفاقی محتسب نے حکم امتناع  پر جسٹس منصور کو توہین عدالت کے نوٹس سمیت گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp