چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاکہ عمران خان جلد عوام کے درمیان ہوں گے، کیسز بنانے والوں نے ہر حربہ کرکے دیکھ لیے لیکن عوام کے دلوں سے محبت نہیں نکال سکے۔
یہ بھی پڑھیں:اب گولیوں کا مقابلہ کرنے کی تیاری کے ساتھ آئیں گے، جنید اکبر کی دھمکی
صوابی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان نے ملک اور جمہوریت کی خاطر مذاکرات کی بات کی لیکن اس سے کچھ نہیں نکل سکا۔
بیرسٹر گوہر نے کہاکہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ایک سال بعد پھر تاریخ رقم کردی ہے، پاکستان کی سیاست عمران خان نیازی کے بغیر نہیں چل سکتی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ عمران خان نے کہاکہ ہم فوج کی قربانیوں کا برملا اعتراف کرتے ہیں، لیکن فوج اور عوام کے درمیان خلیج نہیں بڑھنی چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ آج ملک بھر میں عوام احتجاج کررہے ہیں، یہ محب وطن ہیں، ان کی آواز کو سننا ہوگا۔ عمران خان جلد عوام کے درمیان ہوں گے۔
واضح رہے کہ ملک میں انتخابات کا ایک سال مکمل ہونے پر پی ٹی آئی یوم سیاہ منا رہی ہے، اور خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں احتجاجی جلسے کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں مرکزی رہنماؤں سمیت محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس نے بھی خطاب کیا ہے۔