فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے جنگ بندی کے حوالے سے اسرائیلی تجویز مسترد کردی۔ قابض فوج کی جانب سے غزہ پر کی گئی بمباری میں آج بھی کم از کم 34 فلسطینی شہید ہوگئے۔
مزاحمتی تنظیم حماس کے سینیئر رہنما خلیل الحیہ نے کہاکہ حماس تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرنے کے لیے تیار ہے، لیکن اس کے لیے ایک جامع ڈیل چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں امریکی شہریت رکھنے والے یرغمالی سے متعلق حماس کا اہم بیان سامنے آگیا
انہوں نے کہاکہ ہم اسرائیل کی جانب سے عبوری جنگ بندی کی پیشکش کو مسترد کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کے غزہ پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، آج خان یونس پر کی گئی بمباری میں ایک ہی گھر کے 10 افراد شہید ہوگئے، جبکہ غزہ سٹی میں بھی 3 فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا۔
اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی کے شمال میں پناہ گزین ٹینٹ پر حملہ کیا، جس میں 2 فلسطینی شہید ہوگئے، جبکہ رفح میں بھی ایک فلسطینی شہید ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں مصری تجویز مسترد: حماس کا جنگ بندی معاہدے کے لیے غیر مسلح ہونے سے انکار
یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ جاری ہے، اسرائیلی فوج کی جانب سے کی گئی بمباری میں اب تک 60 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔