امارات کا لبنان کے لیے اپنے شہریوں پر عائد سفری پابندی ختم کرنے کا اعلان، وزیر اعظم نواف سلام کا اظہار تشکر

پیر 5 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 7 مئی  سے اپنے شہریوں پر لبنان کے سفر پر پابندی ہٹا دے گی۔

یہ بھی پڑھیں: لبنان میں ایک دہائی بعد بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا آغاز

عرب نیوز کے مطابق یہ فیصلہ جمعرات کو جاری کردہ ایک مشترکہ بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں اعلان کیا گیا تھا کہ لبنانی صدر جوزف عون اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے دونوں ممالک کے درمیان سفر کو آسان بنانے اور نقل و حرکت کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات پر عملدرآمد پر اتفاق کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات نے سنہ 2021 میں اپنے شہریوں پر لبنان کے سفر پر پابندی لگا دی تھی تاہم لبنانی شہریوں پر متحدہ عرب امارات کے سفر پر پابندی نہیں تھی۔

دریں اثنا لبنان کے وزیر اعظم نواف سلام نے کہا کہ یہ فیصلہ بیروت اور ابوظہبی کے درمیان مضبوط تعلقات کو ظاہر کرتا ہے اور متحدہ عرب امارات اور اس کے صدر کے لیے تمام شکریہ اور تعریف کا مستحق ہے۔

مزید پڑھیے: اسرائیل کی لبنان پر راکٹ حملوں کے بعد بمباری، 2 شہری جاں بحق

نواف سلام نے مزید کہا کہ لبنان اور اس کے عوام اپنے اماراتی بھائیوں کے ساتھ ساتھ خلیج اور عرب دنیا سے آنے والے زائرین کے استقبال کے لیے بھی بے صبری سے منتظر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp