ملک کے مختلف حصوں میں ممکنہ شدید موسمی حالات کی پیش گوئی

جمعہ 9 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (NEOC) نے 8 مئی 2025 کو ایک ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں ممکنہ شدید موسمی حالات کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

پنجاب:

شمال مشرقی اور جنوبی پنجاب کے اضلاع، بشمول راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، وزیرآباد، حافظ آباد، لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، سرگودھا، فیصل آباد، میانوالی، جھنگ، ساہیوال، لیہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا:

چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، کوہستان، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، بنوں، مردان، پشاور، صوابی، ڈیرہ اسماعیل خان، باڑہ، چارسدہ اور کوہاٹ کے علاقوں میں آندھی، طوفان، گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں آندھی، گرج چمک اور ژالہ باری کی پیش گوئی، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

سندھ:

میرپورخاص ڈویژن (میرپورخاص، عمرکوٹ، تھرپارکر)، حیدرآباد ڈویژن (حیدرآباد، مٹھی، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان)، سکھر ڈویژن (سکھر، خیرپور)، لاڑکانہ ڈویژن (لاڑکانہ، سانگھڑ) سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں آندھی، طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ممکنہ اثرات اور احتیاطی تدابیر:

تیز ہواؤں اور آندھی کے باعث بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز، ہورڈنگز اور دیگر کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

گرج چمک کے ساتھ بارش کے دوران لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ ہے، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں۔

کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی زرعی سرگرمیوں کو موسم کی پیش گوئی کے مطابق ترتیب دیں اور ژالہ باری کے ممکنہ اثرات سے بچاؤ کے اقدامات کریں۔

مزید پڑھیں: کیا کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے؟

سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں میں سفر سے قبل موسم کی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

این ڈی ایم اے کی ہدایات:

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل موسم کی تازہ ترین معلومات کے لیے “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” ایپ کا استعمال کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔

این ڈی ایم اے کا نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (NEOC) صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور فوری ردعمل اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کے ساتھ ہمہ وقت رابطے میں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp