’کوئی ملنے نہیں آیا‘ عمران خان نے جیل میں کسی شخصیت سے ملاقات کی تردید کردی

جمعرات 22 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے واضح طور پر ان خبروں کو مسترد کردیا ہے کہ انہیں کوئی جیل میں ملنے آیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں کوئی ملنے نہیں آیا۔

عمران خان سے ملاقات کے بعد جیل سے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ اس وقت ملک کو معیشت اور دہشتگردی کے مسائل درپیش ہیں، اور سب سے بڑا خطرہ مودی کی طرف سے ہے۔ ان تینوں مسائل کی وجہ سے عمران خان نے ایک بار پھر اس بات کو دہرایا ہے کہ وہ اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔

علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے یہ نہیں کہا کہ ان کے دروازے کھلے ہیں بلکہ انہوں نے کہا ہے کہ وہ بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ان کے بقول’ آپ اگر بات کرنا چاہیں تو پاکستان کی خاطر مجھ سے بات کرسکتے ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیے عمران خان کو جیل میں بریفنگ اور رہائی کی خبریں، اہم شخصیت نے بڑا دعویٰ کردیا

علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان اس لیے یہ بات کرنے پر مجبور ہوئے ہیں کہ بار بار خبریں آ رہی ہیں کہ عمران خان سے کوئی ملنے گیا تھا۔ ’آج نعیم پنجوتھا نے عمران خان سے پوچھا ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ انہیں کوئی ملنے نہیں آیا۔‘

علیمہ خان نے کہا کہ ہمارے بھائی تقریباً 2 سال سے جیل میں بیٹھے ہیں۔ کوئی اس کا نام ناجائز طور پر استعمال نہ کرے۔

’ہماری ایک ہی مہم ہے کہ ہم نے عمران خان کو جیل کی ناجائز قید سے رہا کروانا ہے۔ اس کے لیے ہم بھی تیار ہیں اور ہماری ساری پاکستانی قوم بھی تیار ہے۔ہر کوئی مطالبہ کر رہا ہے کہ اس قدر عظیم لیڈر کو، جس نے اس قدر زیادہ مشکل کاٹ لی ہے، اسے جیل سے باہر نکالیں۔

یہ بھی پڑھیے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے کس نے اور کیوں خفیہ ملاقات کی؟

’یہ دنیا میں پاکستان کے لیے بڑی شرمندگی کا باعث ہے کہ عمران خان کو نہ صرف جیل میں رکھا ہوا ہے بلکہ اسے ان سہولتوں سے بھی محروم کردیا گیا ہے جو جیل رولز کے مطابق اس کا حق ہیں۔ اس ظلم سے عمران خان نہیں ٹوٹے گا لیکن ہم مزید یہ ظلم برداشت نہیں کریں گے۔ ہماری قوت برداشت ختم ہورہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp