ایران نے اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں ایک اور شخص کو پھانسی دے دی

اتوار 22 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں ایک اور شہری کو پھانسی دے دی ہے۔ یہ اقدام ان درجنوں گرفتاریوں کے تسلسل کا حصہ ہے جو حالیہ ہفتوں میں اسرائیل کے ساتھ مبینہ روابط پر کی گئی ہیں۔

ایرانی عدلیہ کے سرکاری نیوز آؤٹ لیٹ میزان کے مطابق مجرم کی شناخت ماجد موسیبی کے نام سے ہوئی ہے، جس پر الزام تھا کہ اس نے حساس معلومات اسرائیل کو فراہم کیں اور ملکی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث رہا۔

یہ بھی پڑھیں ایرانی سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مبینہ جاسوس گرفتار، افغان شہری بھی شامل

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ماجد موسیبی کو عدالتی کارروائی کے بعد تمام قانونی تقاضے مکمل ہونے پر سزائے موت سنائی گئی، اور عدالت نے اسے صیہونی دشمن کے لیے جاسوسی کا مرتکب قرار دیا۔

خیال رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔ 13 جون کو ایران پر اسرائیلی حملوں کے بعد ایرانی سیکیورٹی ادارے مسلسل کارروائیاں کررہے ہیں، جن میں موساد سے تعلق کے شبے میں درجنوں افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔

ایرانی سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان میں سے کچھ افراد مبینہ طور پر ایرانی جوہری تنصیبات، عسکری مراکز اور حساس اداروں سے متعلق معلومات غیر ملکی ایجنسیوں تک پہنچا رہے تھے۔

ایران میں گزشتہ ہفتے بھی موساد سے تعلق رکھنے کے الزام میں ایک اور شخص کو سزائے موت دی گئی تھی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایرانی ریاست اپنی سلامتی سے متعلق معاملات میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر کاربند ہے۔

یہ بھی پڑھیں ایران اور اسرائیل کا ایک دوسرے کے جاسوس گرفتار کرنے کا دعویٰ

سرکاری ذرائع کے مطابق ایران اسرائیلی خفیہ نیٹ ورکس کو داخلی خطرہ تصور کرتا ہے اور ان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھے ہوئے ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp