سندھ کابینہ نے کابینہ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دے دی ہے۔ ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق اجلاس میں وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کابینہ کمیٹی برائے خزانہ کی سفارشات پیش کیں، جنہیں منظور کر لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے بسوں کی خریداری کی مد میں 964.407 ملین روپے کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ عوامی آگاہی کے لیے دستاویزی فلمیں بنانے کے لیے ایک ارب روپے مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ سندھ نے شہریوں کا پہلا ای چالان معاف کرنے کا اعلان کردیا
کابینہ نے کھیلوں کے فروغ کے لیے مختلف منصوبوں کی منظوری دی، جن میں اسکواش چیمپیئن شپ ایسوسی ایشن گولڈ کپ کے لیے 56 ملین روپے اور ویٹرن کرکٹ ایسوسی ایشن ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے 50 ملین روپے شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کھیلوں کے لیے یہ فنڈز پہلے سے موجود تھے جنہیں دوبارہ مختص کیا گیا ہے۔
تعلیمی اور سماجی شعبے میں اسلام کوٹ کے علاقے پریم نگر میں خصوصی یتیم خانہ (ایس او ایس) کے قیام کے لیے 329 ملین روپے، گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج خانپور ضلع شکارپور کے لیے 187.8 ملین روپے کی ایس این ای، جبکہ ایس ایم بی فاطمہ جناح گرلز سیکنڈری اسکول صدر کے لیے 94.7 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسکول کو تمام ضروری اور کمی شدہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
سندھ کابینہ نے پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے بسیں خریدنے کی مد میں 964.407 ملین روپے، عوامی آگاہی کے لیے دستاویزی فلمیں بنانے کے لیے ایک ارب روپے اور اسکواش چیمپیئن شپ ایسوسی ایشن گولڈ کپ کے لیے 56 ملین روپے کی منظوری دی۔@asifbashirch @KulAalam @MediaCellPPP pic.twitter.com/Lulkt0S2fI
— Media Talk (@mediatalk922) December 16, 2025
کابینہ نے ملیر میں واٹر سپلائی اسکیم کے لیے 103.9 ملین روپے اور کورنگی کازوے سے قبرستان اور پارک کے لیے ریمپ تعمیر کرنے کے لیے 349.2 ملین روپے کی منظوری بھی دی۔ وزیراعلیٰ کے مطابق قبرستان اور پارک ریکلیم کی گئی اراضی پر قائم کیے جائیں گے۔
ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے 10ویں آدم کانفرنس اور ادب فیسٹیول کے لیے 7.5 ملین روپے جبکہ سندھ اسمبلی میں ساؤتھ ایسٹ ایشیا ریجنل کانفرنس کے انعقاد کے لیے 200 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔
مزید پڑھیں: سندھ حکومت نے کاشتکاروں کے لیے بڑے زرعی پیکج کا اعلان کردیا
اجلاس میں اسلام کوٹ تا چھوڑ اور بن قاسم سے پورٹ قاسم تک ریلوے لائن بچھانے کے منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ یہ سندھ حکومت اور وفاقی وزارت ریلوے کا مشترکہ منصوبہ ہے، جس کے تحت اسلام کوٹ سے چھوڑ تک 105 کلومیٹر طویل ریلوے لائن جبکہ بن قاسم سے پورٹ قاسم تک 9 کلومیٹر ڈبل ٹریک ریلوے لائن تعمیر کی جائے گی۔ اس منصوبے کے ذریعے تھر کا کوئلہ کراچی سمیت ملک کے دیگر علاقوں تک منتقل کیا جائے گا۔
ریلوے منصوبے کی مجموعی لاگت 90 ارب روپے ہے، جس میں سندھ حکومت اور وزارت ریلوے 50، پچاس فیصد حصہ ڈالیں گی۔ سندھ کابینہ نے اس منصوبے کے لیے 6.6 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری بھی دے دی۔














