سینیئر دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل ریٹائرڈ طارق رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان کو افغانستان میں آپریشن مزید تیز کر کے وہاں دہشتگرد قیادت اور نیٹ ورک کو جلد از جلد ختم کر دینا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان کے ساتھ جنگ کو جہاد سمجھتے ہیں، پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے: علامہ طاہر اشرفی
وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان جتنا جلد افغانستان کے اندر دہشتگردوں کی قیادت اور ان کے ٹھکانوں کو ختم کر دے اتنا اچھا ہے تاہم فوجی کارروائی کے ساتھ ساتھ پاکستان کو افغان طالبان سے بات چیت بھی کرکے انہیں سمجھانا چاہیے کہ اگر وہ انڈیا کی پراکسی بنے رہیں گے تو نقصان اٹھائیں گے کیونکہ انڈیا کسی کا خیر خواہ نہیں ہے اور ابھی حال ہی میں اس نے ایران کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔
’افغان طالبان انڈیا اور اسرائیل سے جڑ چکے ہیں‘
میجر جنرل ریٹائرڈ طارق رشید نے کہا کہ افغانستان کا کاروباری طبقہ بھی افغان طالبان کے خلاف ہے اور ان سے کہتا ہے کہ انہیں پاکستان کے ساتھ نہیں لڑنا چاہیے کیونکہ افغانستان کی معیشت کا انحصار پاکستان پر ہے۔
مزید پڑھیے: افغانستان ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام، پاکستان کے حق دفاع کی حمایت کرتے ہیں، امریکا کا بڑا اعلان
ان کا کہنا تھا کہ افغان طالبان پیسے کے لیے انڈیا اور اسرائیل کے ساتھ جڑ گئے ہیں حالانکہ وہ سارے یہاں کے مدرسوں کے پڑھے ہوئے ہیں۔
’پاک فوج نے بگرام ایئر بیس پر حملے میں اسرائیلی ڈرونز بھی تباہ کیے‘
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ابھی بگرام ایئر بیس پر حملہ کر کے بڑی تعداد میں اسرائیلی ڈرونز تباہ کیے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان کے افغانستان میں بگرام ایئر بیس پر فضائی حملے
بلوچستان سے دہشتگردی کے خاتمے کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ریاست پاکستان کے نظریے اور بیانیے سے آگاہی ہونی چاہیئے اور حکام کو چاہیے کہ انہیں یہ نظریہ سمجھائیں اور ان کو مرکزی دھارے میں شامل کریں۔
میجر جنرل ریٹائرڈ طارق رشید نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بلوچستان پالیسی پر سرداروں کے ہاتھوں کھیلا ہے اور سردار غیر ملکی طاقتوں کے ہاتھوں کھیلتے رہے ہیں جس کی وجہ بلوچستان میں پائی جانے والی معدنیات ہیں اور یہی وجہ ہے کہ سردار آج بھی بلوچستان کے اضلاع میں رابطہ سڑکیں بھی نہیں بننے دیتے۔
’بلوچستان کے عوامی نمائندوں کو اپنے حلقے میں وقت دینا چاہیے‘
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے منتخب عوامی نمائندوں کو اپنا وقت اسلام آباد کی بجائے اپنے حلقے کے عوام میں گزارنا چاہیے اور لوگوں کو اپنے ساتھ شامل کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان کی بھرپور جوابی کارروائی سے خوفزدہ افغانستان نے قطر کا دروازہ کھٹکھٹا لیا
میجر جنرل ریٹائرڈ طارق رشید نے کہا کہ جو بلوچ سردار اور دیگر لوگ بک گئے ہیں ان کا صفایا کر دینا چاہیے۔
ایک اور سوال کے جواب میں میجر جنرل ریٹائرڈ طارق رشید کا کہنا تھا کہ ایران اور اسرائیل جنگ کی وجہ سے پاکستاں کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
‘ہم ایران کے ساتھ کھڑے ہیں‘
انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل کے خلاف ایران کے ساتھ کھڑے ہیں اور سعودی عرب سے ہمارا دلی اور محبت و یگانگت کا رشتہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب ہمارا سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ بھی ہے اور ہمارے عام لوگ بھی سعودی عرب کے لیے لڑنے اور مرنے کو تیار ہیں اور سعودی عرب بھی ہمارے ساتھ ہے۔
میجر جنرل ریٹائرڈ طارق رشید نے کہا کہ پاکستان کے دنیا کے تمام بڑے ممالک بالخصوص امریکا، چین اور روس کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں اور دنیا میں ہماری خارجہ پالیسی کی تعریف ہو رہی ہے۔













