سندھ حکومت نے خواتین کے تحفظ اور خودمختاری کو مدنظر رکھتے ہوئے پنک ٹیکسی سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس میں گاڑیاں بھی خواتین چلائیں گی اور سفر بھی صرف خواتین کے لیے مخصوص ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:پی پی قیادت وفاقی وزرا اور گورنر ہاؤس کی سندھ حکومت کے خلاف سازشوں پر وفاق سے جواب طلب کرے، شرجیل میمن
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ ٹیکسیوں میں سفر کرنے والی خواتین اکثر ہراسانی کی شکایات کرتی ہیں، اسی مسئلے کے حل کے لیے پنک ٹیکسی سروس متعارف کرائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے خواتین کو محفوظ سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ای وی پنک اسکوٹیز بھی مفت فراہم کر رہی ہے، جبکہ خواتین کو مفت ڈرائیونگ لائسنس اور تربیت دینے کا عمل بھی جاری ہے۔ اب تک تقریباً 20 ہزار خواتین ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دے چکی ہیں۔

شرجیل میمن کے مطابق الیکٹرک بسیں بھی کامیابی سے چل رہی ہیں اور مزید بسیں جلد متعارف کرائی جائیں گی، جبکہ ای وی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے دھابیجی اکنامک زون میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جا رہی ہے تاکہ روزگار کے مواقع بڑھائے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی جانب توجہ بڑھ رہی ہے اور حکومت مہنگائی کے اثرات کم کرنے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ اس حوالے سے صدر ہاؤس میں اجلاس بھی منعقد ہوا ہے جس میں عوام کو ریلیف دینے کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔
شرجیل میمن نے اس بات پر زور دیا کہ مشکل حالات میں بھی قومی مفاد کو مقدم رکھا جانا چاہیے اور ملک کے وقار کو ہر صورت برقرار رکھنا ضروری ہے۔














