کینیڈا نے مستقل رہائش حاصل کرنے کے خواہش مند تارکین وطن کے لیے ایکسپریس انٹری نظام میں تبدیلیوں کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت زیادہ تنخواہ والی ملازمتوں میں کام کرنے والے ہنرمند افراد کو اضافی پوائنٹس مل سکیں گے جبکہ بعض اہل ملازمتوں کے لیے لیبر مارکیٹ امپیکٹ اسیسمنٹ (ایل ایم آئی اے) کی شرط بھی عارضی طور پر ختم کردی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کینیڈا نے بنا دستاویزات کام کرنے والے غیرملکیوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا
کینیڈا کی وزیرِ امیگریشن لینا دیاب نے جمعے کو اعلان کیا کہ نئی تبدیلیاں 3 نومبر سے نافذ ہوں گی۔
نئے قواعد کے تحت کینیڈا میں کام کا تجربہ رکھنے والے یا انجینیئرنگ سمیت زیادہ تنخواہ والے شعبوں میں اہل ملازمت کی پیشکش حاصل کرنے والے درخواست گزاروں کو ایکسپریس انٹری اسکور میں اضافی پوائنٹس دیے جاسکیں گے۔ زیادہ تنخواہ حاصل کرنے والوں کو زیادہ پوائنٹس ملیں گے۔
کینیڈین حکومت کے مطابق زیادہ تنخواہ والی ملازمت سے مراد ایسی ملازمت ہے جس کی اجرت قومی درمیانی اجرت سے کم از کم 1.3 گنا زیادہ ہو۔ کینیڈا جاب بینک کے مطابق ملک میں اس وقت فی گھنٹہ قومی درمیانی اجرت 55.03 کینیڈین ڈالر ہے۔
نئے نظام کے تحت اہل ملازمتوں کے لیے آجر کو عارضی طور پر لیبر مارکیٹ امپیکٹ اسیسمنٹ پیش کرنے کی شرط سے بھی استثنیٰ دیا جائے گا۔ اس تبدیلی کے بعد متعلقہ آجروں کو یہ ثابت نہیں کرنا پڑے گا کہ وہ ان عہدوں کے لیے کوئی اہل کینیڈین کارکن تلاش کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جرمنی میں 4 لاکھ ملازمتیں، ویزا کیسے اپلائی کریں؟
حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد امیگریشن کی درخواستوں کے طریقہ کار کو آسان بنانا اور زیادہ تنخواہ والے شعبوں میں ہنرمند کارکنوں کو کینیڈا کی جانب راغب کرنا ہے۔
ایکسپریس انٹری نظام میں درخواست دینے کے لیے پہلے سے موجود امیدواروں کے اسکور نئے معیار کے مطابق خودکار طور پر اپ ڈیٹ کردیے جائیں گے، تاہم اس عمل کے دوران مستقل رہائش کے لیے درخواست دینے کی دعوتیں عارضی طور پر روک دی جائیں گی۔
یہ تبدیلیاں کینیڈا کی جانب سے صحت، ہنرمند پیشوں، نقل و حمل اور تحقیق کے شعبوں سے وابستہ کارکنوں کو ہدف بنانے والے سابقہ امیگریشن اقدامات کے بعد سامنے آئی ہیں۔













