جاپان کی آٹو کمپنی ٹویوٹا موٹر نے جمعہ کو بتایا کہ مالی سال کی چوتھی سہ ماہی میں اس کا آپریٹنگ منافع 49 فیصد کم ہو گیا ہے جو ماہرین کی توقعات سے بھی کافی کم رہا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹویوٹا کی گاڑی 25 لاکھ روپے تک سستی کیوں ہوئی؟ وجہ سامنے آگئی
سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے اس کمی کی بڑی وجہ امریکی ٹیرف اور چینی گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں سے بڑھتی ہوئی سخت مقابلے بازی کو قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چوتھی سہ ماہی میں ٹویوٹا کی آمدنی 12.6 کھرب ین رہی جو اندازوں کے مطابق تھی جبکہ آپریٹنگ منافع 569.4 ارب ین رہا جو کہ 813.28 ارب ین کی پیشگوئی سے کافی کم ہے۔
چوتھی سہ ماہی میں کمپنی کی آمدنی میں سال بہ سال 1.89 فیصد اضافہ ہوا تاہم آپریٹنگ منافع مسلسل چوتھے سال کمی کا شکار رہا۔ اسی عرصے میں کمپنی کا خالص منافع 817.2 ارب ین رہا جو گزشتہ سال 664.6 ارب ین تھا۔
فروخت کے لحاظ سے دنیا کی سب سے بڑی آٹو کمپنی کی مجموعی گاڑیوں کی فروخت مالی سال کی چوتھی سہ ماہی میں کم ہو کر 2.29 ملین یونٹس رہ گئی جو ایک سال قبل 2.36 ملین تھی۔
مزید پڑھیے: ٹویوٹا نے فورچیونر کی تاریخ کی سب سے بڑی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا
ٹویوٹا نے آئندہ مالی سال کے لیے اپنے آپریٹنگ منافع کی پیشگوئی میں 20 فیصد سے زائد کمی کرتے ہوئے اسے 3 کھرب ین کر دیا ہے جبکہ آمدنی کی پیشگوئی میں معمولی اضافہ کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق امریکی ٹیرف اور انسانی وسائل و مستقبل کی سرمایہ کاری میں اضافے کے باعث بریک ایون حجم میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس نے منافع پر دباؤ ڈالا ہے۔
ٹویوٹا نے یہ بھی بتایا کہ کرنسی کی غیر یقینی صورتحال کے باعث اس نے اپنے فارن ایکسچینج مفروضوں میں تبدیلی کرتے ہوئے 6 ماہ کی اوسط کو بنیاد بنایا ہے جبکہ مالی سال کے لیے 1 امریکی ڈالر کے مقابلے میں 150 ین کی شرح فرض کی ہے۔
مزید پڑھیں: آئندہ بجٹ میں آٹو سیکٹر کو ٹیکس ریلیف دینے کی تیاری، گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا امکان
کمزور ین نے اگرچہ برآمدات کو سستا اور زیادہ مسابقتی بنایا ہے لیکن عالمی لاگت اور دیگر اخراجات میں اضافہ بھی کمپنی پر دباؤ ڈال رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق تحقیق و ترقی کے اخراجات ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے ہیں جبکہ مشرق وسطیٰ کے تنازع اور عالمی مہنگائی کی وجہ سے مستقبل میں اخراجات مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
ٹویوٹا کو چین کی کمزور آٹو مارکیٹ، برقی گاڑیوں میں سخت مقابلے اور امریکی ٹیرف جیسے مسائل کا بھی سامنا ہے۔ کمپنی نے مارچ میں اعلان کیا تھا کہ وہ امریکا میں 2 پلانٹس پر ایک ارب ڈالر خرچ کرے گی جو آئندہ 5 سال میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری منصوبے کا حصہ ہے۔
یہ بھی پڑھیے: یورپ میں پہلی الیکٹرک وہیکل کی تیاری چیک ریپبلک میں ہوگی، ٹویوٹا کا اعلان
جمعہ کو ٹویوٹا کے حصص ٹوکیو اسٹاک مارکیٹ میں 2.18 فیصد کمی کے ساتھ بند ہوئے۔














