برطانیہ کے بادشاہ چارلس نے قدرتی دنیا کے معروف ماہر سر ڈیوڈ ایٹنبرو کو ان کی 100 ویں سالگرہ پر خصوصی انداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے جس پر بکنگھم پیلس نے بھی باضابطہ بیان جاری کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹار وارز اور شیکسپیئر کے ڈراموں کے معروف اداکار مائیکل پیننگٹن 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
واضح رہے کہ سر ڈیوڈ ایٹنبرو برطانیہ کے ایک نہایت مشہور ماہر فطرت، براڈکاسٹر اور مصنف ہیں۔ وہ طویل عرصے سے قدرتی دنیا اور جنگلی حیات پر مبنی دستاویزی پروگراموں کے لیے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ دنیا کے مختلف حصوں میں قدرتی مناظر، جانوروں کی زندگی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کو عوام تک پہنچانے میں گزارا ہے۔
وہ برطانوی نشریاتی ادارے کے ساتھ کئی دہائیوں تک وابستہ رہے اور انہوں نے ’پلینٹ ارتھ‘، ’بلو پلینٹ‘ اور ’لائف آن ارتھ‘ جیسے مشہور دستاویزی سلسلوں میں بطور راوی اہم کردار ادا کیا۔ ان کی آواز اور اندازِ بیان کو دنیا بھر میں قدرتی ماحول کو سمجھنے اور اس کی اہمیت جاننے کا ایک مؤثر ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ وہ ماحولیات کے تحفظ اور جنگلی حیات کی بقا کے لیے بھی عالمی سطح پر ایک معتبر اور مؤثر آواز سمجھے جاتے ہیں۔
سر ڈیوڈ ایٹنبرو کی سالگرہ 8 مئی کو منائی گئی اور اس موقعے پر کنگ چارلس نے بالمورل کیسل سے لندن ایک ہاتھ سے لکھا گیا مبارکبادی پیغام بھیجا۔ اس خصوصی پیغام کو ایک مختصر دستاویزی فلم ’اے ویری اسپیشل ڈیلیوری‘ کی صورت میں پیش کیا گیا ہے جسے بی بی سی اسٹوڈیوز کی نیشنل ہسٹری یونٹ نے تیار کیا ہے۔
مزید پڑھیے: ’سنسر شپ قبول نہیں‘،غزہ ڈاکیومنٹری کے ایوارڈ یافتہ فلم ساز کی بی بی سی پر کڑی تنقید

بکنگھم پیلس کے ترجمان کے مطابق کنگ چارلس اس خصوصی خراج تحسین میں شامل ہونے پر نہایت خوش تھے۔ ان کے مطابق بادشاہ نے سر ڈیوڈ کے قدرتی دنیا کے لیے عمر بھر کی خدمات کو سراہا اور اس پورے فلمی عمل میں گہری دلچسپی لی۔ تاہم وہ اس بات پر افسوس کا اظہار بھی کرتے رہے کہ وہ براہِ راست ’لیلی‘ نامی الو سے ملاقات نہیں کر سکے۔
بیان میں ملکہ کمیلا کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ اس بات سے خاص طور پر متاثر ہوئیں کہ ان کے پالتو کتے ’مولی‘ کو بھی اس فلم میں مختصر کردار دیا گیا۔ ان کے مطابق شوٹنگ کے دوران کتے کو قائل کرنے کے لیے مختلف ٹریٹس بھی استعمال کیے گئے۔
مزید پڑھیں: بی بی سی کی ’آوازِ ہند‘ مارک ٹلی 90 برس کی عمر میں چل بسے
ترجمان نے مزید کہا کہ بادشاہ اور ملکہ نے سر ڈیوڈ ایٹنبرو کو ان کی خصوصی رات پر نیک خواہشات پیش کیں اور امید ظاہر کی کہ وہ اس فلم سے اتنا ہی لطف اندوز ہوں گے جتنا اسے بنانے والی ٹیم نے لیا۔














