اسحاق ڈار کا چین کا دورہ، پاکستان چین سیاسی و اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

اتوار 24 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سیاسی، معاشی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے اعلیٰ سطحی روابط جاری ہیں۔ وہ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے ہمراہ چین کے شہر بیجنگ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اہم سیاسی و اقتصادی اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

اسحاق ڈار نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں بتایا کہ وہ ہانگژو میں وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ہونے والی پاکستان–چین بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت کے بعد بیجنگ کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق اس دورے کا مقصد پاکستان–چین سیاسی جماعتوں کے فورم اور سی پیک مشترکہ مشاورتی میکنزم کے دوسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش کے اعلیٰ سول افسران کے وفد کا وزارت خارجہ کا دورہ، اسحاق ڈار کا خیرمقدم

انہوں نے کہا کہ بیجنگ میں ہونے والے ان اجلاسوں میں پاکستان کی 12 سیاسی جماعتوں کے نمائندے شریک ہوں گے، جن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) بھی شامل ہے۔ اس موقع پر چین کی جانب سے ڈپٹی وزیر خارجہ برائے بین الاقوامی امور اور سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ ان ملاقاتوں میں سیاسی باہمی اعتماد کو مضبوط بنانے، سی پیک کے اعلیٰ معیار کے تعاون کو آگے بڑھانے اور پاک چین دیرینہ دوستی کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت کے منتظر ہیں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں یہ بھی بتایا کہ انہیں بیجنگ ایئرپورٹ پر چین کی کمیونسٹ پارٹی کی بین الاقوامی شعبے کی نائب وزیر سن ہائیان نے خوش آمدید کہا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp