عید الاضحیٰ پر اسلام آباد میں صفائی کا بھرپور آپریشن، دو روز میں 2511 ٹن سے زائد آلائشیں تلف

جمعہ 29 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت پر عید الاضحیٰ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صفائی و ستھرائی کے خصوصی اور وسیع پیمانے پر انتظامات کیے گئے، جن کے تحت پہلے دو روز میں مجموعی طور پر 2511.032 ٹن آلائشیں تلف کی گئیں۔ شہر بھر میں مجموعی طور پر ڈیڑھ لاکھ سے زائد چھوٹے اور بڑے جانور قربان ہوئے جبکہ صفائی آپریشن کو مربوط انداز میں مکمل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:عید الاضحیٰ پر اجتماعی قربانیوں میں اضافہ، لیدر انڈسٹری کے لیے خام مال کا بحران بڑھنے کا خدشہ

اسلام آباد میں عید الاضحیٰ کے پہلے روز 65,000 سے زائد چھوٹے اور 44,000 سے زائد بڑے جانور قربان کیے گئے، جن کے نتیجے میں 1807.868 ٹن آلائشیں تلف کی گئیں۔ دوسرے روز 23,000 سے زائد چھوٹے اور 17,000 سے زائد بڑے جانور قربان ہوئے جبکہ 703.164 ٹن آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں۔

صفائی آپریشن کی نگرانی سی ڈی اے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور آئی سی ٹی انتظامیہ کے افسران نے خود فیلڈ میں موجود رہ کر کی، جبکہ مرکزی کنٹرول روم اسلام آباد سیف سٹی میں قائم کیا گیا تاکہ تمام سرگرمیوں کی حقیقی وقت میں مانیٹرنگ ممکن ہو سکے۔

اس بڑے آپریشن میں 2000 سے زائد عملے اور 200 سے زیادہ جدید گاڑیوں اور مشینری نے حصہ لیا۔ آلائشوں کو تلف کرنے کے لیے شہر بھر میں 89 مقامات پر 151 گڑھے کھودے گئے تاکہ بروقت اور محفوظ طریقے سے فضلہ ٹھکانے لگایا جا سکے۔

ماحولیاتی تحفظ اور بدبو کے خاتمے کے لیے مختلف مقامات پر عرق گلاب، فنائل، پانی اور چونے کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:ون کانسٹیٹیوشن ایوینو کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ نے سی ڈی اے کو رہائشیوں کے خلاف کارروائی سے روک دیا

چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر عید کے تیسرے روز بھی صفائی آپریشن جاری رہا۔ شہریوں نے اسلام آباد میں صفائی کے اس منظم اور مؤثر انتظام کو سراہا۔

چیئرمین سی ڈی اے کے مطابق اسلام آباد کو صاف، خوبصورت اور زیرو ویسٹ سٹی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اس مربوط آپریشن کو شہری سطح پر ایک مؤثر اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp