لندن میں پاکستانی پرچم کی غلط نمائش، انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی باضابطہ معذرت

بدھ 24 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے منگل کے روز لندن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایف آئی ایچ پرو لیگ کے میچ سے قبل پاکستانی قومی پرچم کی غلط نمائش پر پاکستان ہاکی فیڈریشن سے باضابطہ معذرت کر لی۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لندن کے لی ویلی ہاکی اینڈ ٹینس سینٹر میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں قومی ترانوں کے لیے صف آرا تھیں۔

روایت کے مطابق دونوں ٹیموں کے سامنے ان کے قومی پرچم آویزاں کیے گئے، تاہم منتظمین نے پاکستان کا پرچم اس کی مخصوص سفید پٹی کے بغیر پیش کیا، جو ملک میں اقلیتوں کی نمائندگی کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جب پاکستان ہاکی نے ارجنٹائن کو عالمی فٹبال کپ جتوایا

اس غلطی پر سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل سامنے آیا اور یہ معاملہ دونوں روایتی حریفوں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے پر بھی حاوی رہا، جس میں بھارت نے پاکستان کو 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دی۔

میچ کے اختتام کے چند منٹ بعد ایف آئی ایچ پرو لیگ کی ڈائریکٹر ہیلری ایٹکنسن نے پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی کو خط لکھ کر معذرت کی۔

خط میں فیڈریشن نے اس غلطی کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستقبل میں ایسی کوتاہیوں سے بچنے کی یقین دہانی کرائی۔

’میں لندن میں آج دوپہر کھیلے گئے ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میچ کے دوران آپ کی ٹیم کے پرچم کی غلط نمائش پر دلی معذرت خواہ ہوں۔‘

خط میں مزید کہا گیا کہ ہم اس غلطی پر غیر مشروط معذرت کرتے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ کسی بھی ٹیم کا پرچم اس کی شناخت، فخر اور نمائندگی کی اہم علامت ہوتا ہے اور ہمیں افسوس ہے کہ اس واقعے سے آپ کی ٹیم، شائقین، عوام اور قومی فیڈریشن کے جذبات مجروح ہوئے ہوں گے۔

ایف آئی ایچ نے واضح کیا کہ یہ ایک انتظامی غلطی تھی اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اپنے طریقہ کار کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: پاکستانیوں میں کرکٹ سب سے مقبول، ہاکی و اسکواش بہت پیچھے، گیلپ سروے

ہیلری ایٹکنسن نے پی ایچ ایف کے صدر سے معذرت قبول کرنے کی درخواست کرتے ہوئے پرو لیگ میں پاکستانی ٹیم کی شرکت کو بھی سراہا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام شریک ٹیموں کے ساتھ احترام اور پیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا جائے گا اور اگر پاکستان ہاکی فیڈریشن اس معاملے پر مزید بات چیت چاہے تو ایف آئی ایچ اس کے لیے تیار ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کے ہاتھوں 4-3 کی شکست پاکستان کی مسلسل 13ویں ناکامی ثابت ہوئی، اس شکست کے ساتھ ہی قومی ٹیم ایف آئی ایچ پرو لیگ کے اگلے ایڈیشن کے لیے بھی ریلیگیٹ ہو گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp