ہنر مند نوجوان ہی پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، بیرونِ ملک مواقع سے فائدہ اٹھائیں، مریم نواز

بدھ 24 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پرواز کارڈ پروگرام کے تحت تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ ہنر مند نوجوان نہ صرف اپنے خاندانوں کی بہتر کفالت کر سکتے ہیں بلکہ ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ بھی ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ تربیت مکمل کرنے والے طلبا کو دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کے جذبے، محنت اور والدین کی معاونت کے احساس کو سراہتے ہوئے کہا کہ کم عمری میں گھر اور والدین کی ذمہ داریاں اٹھانا بڑی بات ہے اور بہن بھائیوں سمیت پورے خاندان کی ذمہ داری سنبھالنا آسان کام نہیں۔

مزید پڑھیں:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بیماری کے بعد پہلی بار منظر عام پر، اہم اجلاس کی صدارت

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے نوجوانوں کو لینے والا نہیں بلکہ دینے والا بنایا ہے، اس لیے وہ اپنی صلاحیتوں اور محنت کے ذریعے معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک روزگار کے مواقع نوجوانوں کے لیے انتہائی اہم ہیں کیونکہ اس سے بہتر آمدن کے ساتھ ساتھ قیمتی تجربہ اور جدید پیشہ ورانہ مہارتیں حاصل ہوتی ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک کام کرنے سے نوجوان دنیا کے جدید نظام، کام کے طریقہ کار اور ترقی یافتہ ممالک کے طرزِ عمل سے آگاہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ مختلف ممالک کا مشاہدہ کریں اور قوموں کی ترقی کے اسباب کو سمجھنے کی کوشش کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افرادی قوت کا بڑا حصہ غیر ہنر مند کارکنوں پر مشتمل ہے، جس کی وجہ سے انہیں بہتر تنخواہ اور مقام حاصل کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ حکومت پنجاب نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں فنی تربیت فراہم کر رہی ہے اور پانچ لاکھ سے زائد نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کی کوشش جاری ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر نوجوان کے لیے یونیورسٹی ڈگری حاصل کرنا ممکن نہیں، تاہم فنی تعلیم اور اسکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے روزگار کے بہتر مواقع حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں اور دلچسپی کے مطابق تربیت دی جا رہی ہے تاکہ وہ ملکی اور بین الاقوامی منڈی میں بہتر روزگار حاصل کر سکیں۔

مزید پڑھیں:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ثقافتی تنوع برائے مکالمہ و ترقی کے عالمی دن پر خصوصی پیغام

انہوں نے مزید کہا کہ اسکلڈ ورکرز کو بیرونِ ملک زیادہ عزت اور بہتر معاوضہ ملتا ہے۔ مریم نواز نے منصوبے کی کامیابی کے لیے عدنان چٹھہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ نوجوانوں کی فنی تربیت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جبکہ ہنر مند افرادی قوت پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ بیرونِ ملک جانے والے پاکستانی ورکرز میں 50 فیصد سے زائد افراد غیر ہنر مند کیٹیگری میں شامل ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں بہتر تنخواہوں، ترقی کے مواقع اور پیشہ ورانہ شناخت کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی منڈی میں مسابقت کے لیے جدید مہارتوں کا حصول ناگزیر ہو چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نوجوانوں کو مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق فنی تربیت فراہم کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے کنسٹرکشن، ہاسپیٹیلٹی، ٹرانسپورٹ، لوجسٹکس، انجینئرنگ، انرجی اور ہیلتھ سمیت مختلف شعبوں کو ترجیح دی گئی ہے تاکہ نوجوان روزگار کی بہتر مواقع سے استفادہ کر سکیں۔

مریم نواز کے مطابق نرسنگ، کُکری، ہائیڈروکاربنز اور رینیوایبل انرجی جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں بھی تربیتی پروگرام شروع کیے گئے ہیں، جبکہ روایتی فنی تعلیم کے ساتھ جدید ٹیکنیکل کورسز کو بھی نصاب کا حصہ بنایا گیا ہے تاکہ نوجوان بدلتی ہوئی عالمی ضروریات سے ہم آہنگ رہ سکیں۔

مزید پڑھیں: مریم نواز کی کارکردگی پر لاہور کے عوام کی رائے کیا ہے؟

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں عالمی معیار کی جدید ٹریننگ لیبز قائم کی گئی ہیں، جبکہ دور دراز علاقوں کے نوجوانوں تک تربیتی سہولیات پہنچانے کے لیے موبائل ٹریننگ لیبز بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد ہر نوجوان کو اس کے اپنے علاقے میں معیاری فنی تعلیم تک رسائی فراہم کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ تربیتی پروگراموں میں صرف نظریاتی تعلیم پر اکتفا نہیں کیا جا رہا بلکہ نوجوانوں کو ان کے متعلقہ شعبوں میں عملی اور پیشہ ورانہ تربیت بھی دی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف بین الاقوامی کمپنیوں کے اشتراک سے تربیت یافتہ افراد کی ملازمتوں میں پلیسمنٹ کا نظام بھی وضع کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ملائیشیا سمیت مختلف ممالک کی کمپنیوں کے ساتھ روابط کے ذریعے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں تاکہ تربیت مکمل کرنے والے نوجوان محفوظ، باوقار اور بہتر کیریئر کا آغاز کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکل ڈویلپمنٹ نہ صرف نوجوانوں کے روشن مستقبل بلکہ ملکی معیشت کے استحکام کی بھی ضمانت ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ نوجوانوں کو بیرونِ ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومت نے بھرپور محنت کی ہے اور عالمی جاب مارکیٹس کا تفصیلی جائزہ لے کر مختلف شعبوں میں ملازمتوں کے مواقع تلاش کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تربیت یافتہ نوجوانوں کو ان کی مہارت اور قابلیت کے مطابق روزگار فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرامز کو مارکیٹ کی حقیقی ضروریات کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے تاکہ تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو روزگار کے حصول میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مریم نواز نے واضح کیا کہ تمام امیدواروں کا انتخاب مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا اور کسی بھی فرد کو سفارش، سیاسی اثرورسوخ یا دباؤ کے تحت منتخب نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیں: طارق طافو، پنجاب کی ثقافتی آواز خاموش ہوگئی

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے بیرونِ ملک ملازمت کے خواہشمند نوجوانوں کو درپیش مالی مشکلات کو بھی مدنظر رکھا ہے۔ ویزا فیس، میڈیکل ٹیسٹ، ٹکٹ اور دیگر سفری اخراجات اکثر نوجوانوں کے لیے بڑی رکاوٹ بن جاتے ہیں، اسی لیے انہیں آسان شرائط پر قرضوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنے روزگار کے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں۔

مریم نواز کے مطابق اب تک 105 نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں ملازمتیں فراہم کی جا چکی ہیں، جبکہ خواتین کے لیے بھی کنسٹرکشن سمیت مختلف شعبوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر تنخواہیں نوجوانوں کو نہ صرف اپنے خاندانوں کی کفالت میں مدد دیں گی بلکہ انہیں بچت اور بہتر معیارِ زندگی کا موقع بھی فراہم کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی معیار کی سرٹیفکیشن اور جدید تربیت نوجوانوں کو عالمی منڈی میں نمایاں مقام دلانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ حکومت اس امر کو یقینی بنا رہی ہے کہ تربیت یافتہ نوجوان مکمل پیشہ ورانہ تیاری کے ساتھ بیرونِ ملک جائیں اور وہاں محفوظ، باوقار اور کامیاب کیریئر کا آغاز کر سکیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے روشن اور محفوظ مستقبل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور میرٹ، مہارت اور مواقع کا امتزاج ہی نوجوان نسل کی کامیابی اور پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے۔

مزید پڑھیں:پاکستان کا مجموعی تعلیمی بجٹ 2311 ارب روپے مقرر، بلوچستان فی کس بجٹ میں پنجاب سے تقریباً دُگنا آگے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بیرونِ ملک روزگار کے لیے روانہ ہونے والے نوجوانوں کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان درحقیقت پاکستان کے سفیر ہیں، جو اپنی محنت، کردار اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے دنیا بھر میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان اور پاکستانیوں کو بیرونِ ملک کام کرنے والے افراد کے رویے، دیانتداری اور ذمہ داری کے احساس سے پہچانتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ نوجوان جہاں بھی جائیں، امانت، محنت اور اخلاقیات کو اپنی پہچان بنائیں اور اپنے طرزِ عمل سے ملک کا مثبت تشخص اجاگر کریں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک مقیم ہر پاکستانی اپنے وطن کا نمائندہ ہوتا ہے، اس لیے نوجوان پاکستان کی عزت، وقار اور قومی مفادات کو ہمیشہ مقدم رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی افرادی قوت دنیا بھر میں اپنی محنت، قابلیت اور پیشہ ورانہ مہارت کی وجہ سے قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہے اور نوجوانوں کو اس روایت کو مزید مضبوط بنانا چاہیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ عرصے میں مختلف شعبوں میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور قوم کو اپنی شناخت، صلاحیتوں اور کامیابیوں پر فخر ہونا چاہیے۔ بیرونِ ملک جانے والے نوجوان ملک کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کریں اور اپنی کارکردگی سے ثابت کریں کہ پاکستانی نوجوان کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں۔

مزید پڑھیں:پنجاب حکومت کا خواتین کے معاشی استحکام کے لیے97 کروڑ روپے کا ’سحر‘ منصوبہ

انہوں نے کہا کہ محنت، دیانتداری اور خوش اخلاقی ایسی خصوصیات ہیں جو پاکستانیوں کی پہچان بننی چاہئیں۔ دنیا کو پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں، قابلیت اور عزم کا اعتراف کرنا ہوگا، اور یہ نوجوان اپنی کامیابیوں کے ذریعے نہ صرف اپنے مستقبل کو سنواریں گے بلکہ پاکستان کا نام بھی روشن کریں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ بیرونِ ملک جانے والے نوجوان اپنے مستقبل کے ساتھ ساتھ پاکستان کے وقار کے بھی محافظ ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کریں گے اور دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم سربلند رکھیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

’70 لاکھ کا نقصان ہوگیا، قرضوں تلے دب گئے ہیں‘، اسلام آباد اتوار بازار میں آتشزدگی پر متاثرہ دکاندار رو پڑا

سیاسی جماعتیں ماضی کی غلطیوں کا جائزہ لیں، مکالمے اور میثاقِ جمہوریت کی روح کو بحال کرنا ہوگا، خواجہ آصف

اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس 600 سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا

ایران امریکا مذاکرات: پاکستان کی ثالثی میں 3 تکنیکی ورکنگ گروپس قائم کر دیے گئے، اگلے منگل یا بدھ کو مذاکرات دوبارہ ہوں گے، دفتر خارجہ

سستے اسمارٹ گلاسز مارکیٹ میں لانے کی تیاریاں، کیا اب اسمارٹ فونز کا دور ختم ہونے والا ہے؟

ویڈیو

پاک ایران گیس پائپ لائن سمیت متعدد بڑے معاشی منصوبوں کی بحالی کے امکان روشن

پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ تاریخ، اعتماد اور مذہبی وابستگی پر استوار ہیں، رحمان حیات

کراچی کے شہری سندھ حکومت کی کارکردگی سے کس قدر مطمئن ہیں؟

کالم / تجزیہ

مسکراہٹیں بکھیرنے والے ادیب کی داستانِ غم

بلوچستان: فیصلہ یہیں ہوگا

جب پاکستان ہاکی نے ارجنٹائن کو عالمی فٹبال کپ جتوایا