شیئر بازار کی نئی اڑان، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 1 لاکھ 85 ہزار سے آگے

جمعرات 2 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی سرمایہ کاروں کا اعتماد برقرار رہا، جس کے باعث بینچ مارک 100 انڈیکس 1354 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 85 ہزار کی سطح عبور کر گیا۔ کاروبار کے دوران مارکیٹ میں خریداری کا رجحان غالب رہا اور انڈیکس نئی بلند سطح پر پہنچ گیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان غالب، انڈیکس میں 500 پوائنٹس کا اضافہ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا، جہاں کاروبار کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور خریداری دیکھی گئی۔

کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1354 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 85 ہزار 404 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا اور یوں ایک لاکھ 85 ہزار کی نفسیاتی حد بھی عبور کر لی۔

مارکیٹ کے دوران اتار چڑھاؤ بھی دیکھنے میں آیا۔ ایک موقع پر 100 انڈیکس ایک لاکھ 84 ہزار 840 پوائنٹس کی کم ترین سطح تک آیا، تاہم بعد ازاں تیزی کا رجحان دوبارہ غالب آ گیا اور انڈیکس ایک لاکھ 85 ہزار 714 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک جا پہنچا۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس ایک لاکھ 84 ہزار 50 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جس کے مقابلے میں آج نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔

یاد رہے کہ رواں مالی سال 2026-27 کا آغاز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے لیے مثبت رہا ہے اور حالیہ دنوں میں مارکیٹ مسلسل نئی بلندیاں حاصل کر رہی ہے۔ مالیاتی ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے، معاشی اشاریوں میں بہتری اور کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے مثبت توقعات کے باعث بازارِ حصص میں تیزی کا رجحان برقرار ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp