آیت اللہ خامنہ ای کی آخری رسومات کے شرکا کو نشانہ بنا سکتے تھے، مگر ایسا نہیں کیا، ٹرمپ کا دعویٰ

اتوار 5 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اس کے اتحادی اگر چاہتے تو ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شریک تمام اہم شخصیات کو ایک ہی حملے میں نشانہ بنا سکتے تھے، تاہم ایسا نہیں کیا گیا تاکہ ایران کے ساتھ جاری سفارتی عمل متاثر نہ ہو۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکا ایرانی قیادت کی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے موقع پر موجود تمام اہم شخصیات کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا تھا، لیکن مذاکرات کے عمل کو برقرار رکھنے کے لیے ایسا کرنے سے گریز کیا گیا۔

امریکی نیوز ویب سائٹ Axios کے مطابق ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایرانی ایک معاہدے کے لیے بے تاب ہیں، تاہم دونوں فریقوں نے آخری رسومات مکمل ہونے تک ایک ہفتے کے لیے مذاکرات روکنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس دوران نہ امریکا اور نہ ہی ایران ایک دوسرے پر حملہ کرے گا۔ ٹرمپ نے مزید کہا وہ سب وہاں موجود ہیں، ایک ہی حملہ کافی ہوتا اور ہم سب کو ختم کر سکتے تھے، مگر ہم ایسا نہیں کریں گے کیونکہ پھر ہمارے پاس مذاکرات کے لیے کوئی باقی نہیں رہے گا۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ انہیں آیت اللہ خامنہ ای کی آخری رسومات میں بعض ایرانیوں کو روتے دیکھ کر حیرت ہوئی، کیونکہ ان کے بقول انہیں یقین تھا کہ ایرانی عوام خامنہ ای کو پسند نہیں کرتے تھے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ شاید وہ آنسو بھی مصنوعی ہوں۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ ایران معاہدہ: نیتن یاہو کے لیے سب سے تشویشناک لمحہ، سی این این کی رپورٹ

امریکی صدر کے ان بیانات پر ایران کی جانب سے فوری طور پر کوئی سرکاری ردِعمل سامنے نہیں آیا، تاہم یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد سفارتی رابطے بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مفاہمتی عمل قطر اور پاکستان کی ثالثی میں شروع ہوا، جس کا مقصد جنگ بندی کو برقرار رکھنا اور جوہری پروگرام سمیت دیگر متنازع امور پر مذاکرات کو آگے بڑھانا ہے۔ تاہم دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی فضا اب بھی نازک سمجھی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp