پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار وسیم عباس نے اداکارہ صبا حمید سے اپنی طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ دونوں گزشتہ 14 برسوں سے علیحدہ زندگی گزار رہے تھے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں وسیم عباس نے بتایا کہ ان کی صبا حمید سے دوسری شادی 29 برس تک قائم رہی تاہم دونوں نے کئی سال قبل الگ ہونے کا فیصلہ کر لیا تھا اور اب باضابطہ طور پر ان کی طلاق ہو چکی ہے۔
اداکار نے کہا کہ علیحدگی کے باوجود ان کے اور صبا حمید کے درمیان تعلقات خوشگوار رہے۔ دونوں پیشہ ورانہ طور پر ایک ساتھ کام کرتے رہے اور بعض اوقات دوستوں کی حیثیت سے ملاقاتیں بھی کرتے تھے تاہم وہ ایک ہی گھر میں نہیں رہتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل میں کسی منصوبے میں ایک ساتھ کام کرنے کی پیشکش ہوئی تو وہ اس کے لیے تیار ہیں کیونکہ ان کے درمیان کسی قسم کی تلخی موجود نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حبا بخاری کو تھپڑ کیوں مارا؟ صبا حمید کا حیران کن انکشاف
وسیم عباس نے مزید کہا کہ انہیں طلاق سے کوئی جذباتی صدمہ نہیں پہنچا اور مجھے اس کا رتی بھر بھی افسوس نہیں ہے کیونکہ ہمارے درمیان جذباتی وابستگی باقی نہیں رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ محبت سے زیادہ باہمی احترام کو اہمیت دیتے ہیں اور ان کے خیال میں یہ فیصلہ دونوں کے لیے درست تھا۔
اداکار نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کی اور صبا حمید کی کوئی مشترکہ اولاد نہیں ہے اور دونوں آج بھی ایک دوسرے کے خلاف بات کرنے یا ایک دوسرے کی برائی کرنے سے گریز کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہمارے زمانے میں ناکام محبت والے مرجانا چاہتے تھے، اداکارہ صبا حمید
وسیم عباس نے اپنی دوسری شادی کو مکمل طور پر غلطی قرار دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی اس دوسری شادی کو کوئی بہت بڑی غلطی تو نہیں کہتا کیونکہ مجھے اسوقت یہ فیصلہ بہت اچھا لگتا تھا مگر اگر آج میں پیچھے مڑ کر دیکھوں تو شاید یہ ایک غلطی ہی تھی۔














