پاکستان کے نوجوان آل راؤنڈر صائم ایوب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی سی سی ٹی20 انٹرنیشنل آل راؤنڈر رینکنگز میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صائم ایوب نے بھارت کے ہاردک پانڈیا کو پچھاڑ دیا، ٹی20 کے نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے
تازہ ترین آئی سی سی رینکنگز کے مطابق زمبابوے کے سکندر رضا بدستور ٹی20 آل راؤنڈرز کی فہرست میں پہلی پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ صائم ایوب ایک درجہ ترقی کرکے دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ بھارت کے ہاردک پانڈیا ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
آل راؤنڈرز کی فہرست میں پاکستان کے محمد نواز نے اپنی 10ویں پوزیشن برقرار رکھی ہے جبکہ شاداب خان 23ویں نمبر پر موجود ہیں۔ فہیم اشرف 53ویں اور سلمان علی آغا 55ویں پوزیشن پر ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی 62ویں نمبر پر ہیں۔
بیٹنگ رینکنگز میں صاحبزادہ فرحان کی تیسری پوزیشن برقرار
ٹی20 انٹرنیشنل بیٹنگ رینکنگز میں پاکستان کے صاحبزادہ فرحان نے تیسری پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ وہ 848 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ تھری بلے بازوں میں شامل ہیں۔
بھارت کے ایشان کشن بدستور پہلی پوزیشن پر قابض ہیں، جبکہ ان کے ہم وطن ابھیشیک شرما دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
مزید پڑھیے: صائم ایوب کو دھچکا: ٹی20 آل راؤنڈر رینکنگ میں پہلی پوزیشن چھن گئی
پاکستان کے صائم ایوب بیٹنگ رینکنگز میں 40ویں، بابر اعظم 42ویں اور کپتان سلمان علی آغا 44ویں نمبر پر ہیں۔ سلمان علی آغا کے ریٹنگ پوائنٹس 547 ہیں۔ فخر زمان ایک درجہ بہتری کے بعد 71ویں نمبر پر آگئے ہیں ان کے پوائنٹس 481 ہیں۔
ابرار احمد بولرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر
ٹی20 بولرز کی رینکنگز میں افغانستان کے راشد خان بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ پاکستان کے اسپنر ابرار احمد نے شاندار ترقی کرتے ہوئے دوسری پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ ابرار احمد کے 736 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔
انگلینڈ کے عادل رشید ایک درجہ ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں انہوں نے بھارت کے ورون چکرورتی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
پاکستان کے محمد نواز نے بولرز کی فہرست میں 12ویں پوزیشن برقرار رکھی ہے جبکہ سلمان مرزا 20ویں اور شاہین شاہ آفریدی 30ویں نمبر پر موجود ہیں۔ؔ
مزید پڑھیں: فخر زمان اور صائم ایوب آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر
اس کے علاوہ عثمان طارق ایک درجہ ترقی کرکے 59ویں اور سفیان مقیم بھی ایک درجہ بہتری کے بعد 67ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔














