برطانیہ کی معروف گلوکارہ بونی ٹیلر 75 برس کی عمر میں پرتگال کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئیں۔
گلوکارہ کے اہل خانہ اور ٹیم نے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پرتگال کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھیں جہاں وہ اچانک انتقال کر گئیں۔ بیان کے مطابق بونی ٹیلر گزشتہ کئی ماہ سے صحت کے سنگین مسائل کا سامنا کر رہی تھیں۔ اپریل میں پیٹ اور کمر میں شدید درد کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کی ہنگامی آنتوں کی سرجری کی گئی۔ تاہم آپریشن کے بعد ان کی حالت مزید بگڑ گئی اور انہیں شدید انفیکشن سمیت مختلف پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: ہیری پوٹر فلم کے اداکار مائیکل برن 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
رپورٹس کے مطابق مئی 2026 میں انہیں طبی پیچیدگیوں کے باعث مصنوعی بے ہوشی (انڈیوسڈ کوما) میں رکھا گیا تھا۔ اگرچہ بعد میں ان کے ہوش میں آنے کی اطلاعات سامنے آئیں لیکن ان کی صحت مکمل طور پر بحال نہ ہو سکی اور وہ زندگی کی جنگ ہار گئیں۔
اصل نام گینور ہاپکنز رکھنے والی بونی ٹائلر 1980 کی دہائی میں عالمی شہرت کی بلندیوں پر پہنچیں۔ ان کے شہرۂ آفاق گانوں “Total Eclipse of the Heart” اور “Holding Out for a Hero” نے انہیں دنیا بھر میں بے پناہ مقبولیت دلائی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی معروف شیف راحت علی انتقال کر گئیں، مداح غمزدہ
بونی ٹائلر نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1977 میں گانے “Lost in France” سے کیا، جبکہ اسی سال ریلیز ہونے والا ان کا مقبول گانا “It’s a Heartache” بین الاقوامی سطح پر بڑی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
1983 میں ریلیز ہونے والا “Total Eclipse of the Heart” ان کے کیریئر کا سب سے بڑا سنگ میل ثابت ہوا، جس نے برطانیہ اور امریکا سمیت دنیا بھر کے میوزک چارٹس میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور انہیں اپنی نسل کی نمایاں ترین گلوکاراؤں میں شامل کر دیا۔
بونی ٹیلر کے مداح اور موسیقی کی صنعت ان کے انتقال کو ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دے رہے ہیں۔














