خیراتی مہم کی تصویر سے ورلڈ کپ فائنل تک، میسی اور یامال کی انوکھی داستان

جمعرات 16 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

2026 فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی اور اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یامال سب کی توجہ کا مرکز ہوں گے، تاہم اس تاریخی مقابلے سے چند گھنٹے قبل دونوں کی تقریباً 19 برس پرانی ایک نایاب تصویر دوبارہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

تصویر میں 20 سالہ لیونل میسی نومولود لامین یامال کو نہلا رہے ہیں، کئی برسوں تک سوشل میڈیا صارفین اس تصویر کو جعلی یا مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ سمجھتے رہے، لیکن حقیقت میں یہ تصویر مکمل طور پر حقیقی ہے اور اس کے پیچھے ایک دلچسپ کہانی موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میسی کا نیا ورلڈ کپ ریکارڈ، مسلسل 7 میچوں میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے

یہ تصویر دسمبر 2007 میں یونیسیف اور ایف سی بارسلونا فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ایک خیراتی کیلنڈر کے لیے بنائی گئی تھی۔

فوٹوگرافر جون مونفورٹ کے مطابق اس مہم کے تحت مقامی خاندانوں کے درمیان قرعہ اندازی کی گئی، جس میں لامین یامال کے والدین کا انتخاب ہوا اور اتفاق سے ان کے چند ماہ کے بیٹے کی فوٹو شوٹ اس وقت کے ابھرتے ہوئے بارسلونا اسٹار لیونل میسی کے ساتھ طے ہوگئی۔

اس وقت کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ میسی کی بانہوں میں موجود یہ شیر خوار بچہ ایک دن دنیا کے بہترین فٹبالرز میں شمار ہوگا، جبکہ یہ تصویر بھی فٹبال کی تاریخ کی یادگار ترین تصاویر میں شامل ہو جائے گی۔

مزید پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے باوجود ارلنگ ہالینڈ کی منفرد شخصیت کی دھوم

جب یہ تصویر لی گئی تو لیونل میسی کی عمر 20 سال تھی اور وہ بارسلونا کے اگلے عالمی سپر اسٹار کے طور پر ابھر رہے تھے، جبکہ لامین یامال جولائی 2007 میں پیدا ہوئے تھے اور اس وقت صرف چند ماہ کے تھے۔

لامین یامال نے اعتراف کیا کہ انہیں کئی برسوں تک اس تصویر کے وجود کا علم ہی نہیں تھا۔ بعد میں ان کے والد نے انہیں اس کے بارے میں بتایا، اور جب سوشل میڈیا پر یہ تصویر دوبارہ سامنے آئی تو دنیا بھر میں وائرل ہوگئی۔

میسی سے مسلسل موازنہ کیے جانے کے بارے میں یامال نے کہا کہ تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑی سے موازنہ کسی کے لیے بھی اعزاز کی بات ہے، لیکن آخرکار یہ موازنہ آپ کی ترقی میں رکاوٹ بھی بن سکتا ہے کیونکہ آپ کبھی بھی وہ نہیں بن سکتے۔

دوسری جانب لیونل میسی نے اگرچہ اس مخصوص فوٹو شوٹ پر کبھی عوامی طور پر تبصرہ نہیں کیا، تاہم وہ مختلف مواقع پر لامین یامال کی بھرپور تعریف کر چکے ہیں۔

ارجنٹینا کے کپتان کا کہنا ہے کہ یامال ان نوجوان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو انہیں اپنے ابتدائی دنوں کی یاد دلاتے ہیں، اور وہ کم عمری کے باوجود دنیا کے بہترین فٹبالرز میں شمار ہوتے ہیں۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش میں ارجنٹینا سے غیر معمولی محبت کیوں؟ میراڈونا سے میسی تک جذباتی رشتہ

اب تقریباً 2 دہائیوں بعد قسمت نے ایک بار پھر دونوں کو آمنے سامنے لا کھڑا کیا ہے، لیکن اس بار نہ کوئی خیراتی مہم ہے اور نہ ہی فوٹو شوٹ، بلکہ فٹبال کے سب سے بڑے اسٹیج پر 2026 فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی دونوں کے درمیان فیصلہ کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp