انمول عرف پنکی کے بھائی کامران کو کراچی پولیس نے گرفتار کرلیا، منشیات برآمد

اتوار 19 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی پولیس نے انمول عرف پنکی کے بھائی کامران کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کو جمشید کوارٹرز تھانے کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گھوڑا چورنگی کے قریب حراست میں لیا۔

مزید پڑھیں:لاہور: منشیات فروش انمول ’پنکی‘ کے سابق شوہر کے خلاف مقدمہ درج

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 2 کلوگرام سے زائد اعلیٰ معیار کی چرس، آدھا کلوگرام آئس، ایک موبائل فون، پرس، قومی شناختی کارڈ اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے۔

پولیس نے ملزم کے خلاف تھانہ جمشید کوارٹرز میں منشیات ایکٹ کے تحت 2 مقدمات درج کرلیے ہیں۔

ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس کا کہنا ہے کہ کامران کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ طور پر چرس، آئس اور ہیروئن کی سپلائی میں ملوث رہا ہے، جبکہ وہ نوجوانوں کو آئس اور ہیروئن کے استعمال کی جانب راغب کرنے والے ایک نیٹ ورک کا حصہ بھی بتایا جا رہا ہے۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق گرفتار ملزم اس سے قبل بھی منشیات فروشی کے مقدمات میں جیل جا چکا ہے، جبکہ 2022 میں بھی اس کے خلاف منشیات سے متعلق مقدمات درج کیے گئے تھے۔

مزید پڑھیں:کوکین کوئین انمول عرف پنکی نے جب جیل میں من پسند لباس پہننے کی خواہش ظاہر کی تو کیا ہوا؟

ایسٹ پولیس کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم سے انمول عرف پنکی کے مبینہ نیٹ ورک کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ معاملے میں مزید حقائق سامنے لائے جا سکیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp