ہالی ووڈ کے معروف ہدایت کار کرسٹوفر نولان کی نئی فلم ’دی اوڈیسی‘ ریلیز کے ایک ہفتے بعد ہی آن لائن لیک ہو گئی جس کے بعد یونیورسل پکچرز نے غیر قانونی طور پر فلم شیئر کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلم کی غیر مجاز کاپیاں مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور دیگر ویب سائٹس پر گردش کرنے لگیں جس پر یونیورسل پکچرز نے فوری طور پر کاپی رائٹ کی خلاف ورزی روکنے کے لیے کارروائی شروع کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: ’انشااللہ‘ کہنے کے بعد معروف ہالی ووڈ اداکارہ این ہیتھ وے کو قرآن کا تحفہ، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
اسٹوڈیو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کمپنی کو جیسے ہی فلم کی غیر قانونی اشاعت کا علم ہوا فوری طور پر متعلقہ مواد ہٹانے کے لیے اقدامات کیے گئے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یونیورسل پکچرز کاپی رائٹ قوانین کی خلاف ورزی کو انتہائی سنجیدگی سے لیتا ہے اور اپنی دانشورانہ املاک کے تحفظ کے لیے تمام قانونی راستے اختیار کرے گا۔
آن لائن لیک ہونے کے باوجود ’دی اوڈیسی‘ کی باکس آفس پر کامیابی کا سلسلہ برقرار ہے۔ فلم نے ریلیز کے دوسرے ہفتے میں دنیا بھر سے 600 ملین ڈالر سے زائد کا بزنس کر لیا جبکہ صرف شمالی امریکا میں دوسرے ہفتے کے دوران 87 ملین ڈالر کی کمائی کی۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ سے متعلق پوسٹ لائک کرنے پر کام سے برطرف کیا گیا، ہالی ووڈ اداکارہ کیٹ بیکنسیل کا دعویٰ
فلم کی امریکا میں مجموعی آمدنی 286 ملین ڈالر تک پہنچ چکی ہے جبکہ بین الاقوامی مارکیٹس سے 350 ملین ڈالر سے زائد وصول کیے جا چکے ہیں۔ اس طرح فلم کی مجموعی عالمی کمائی تقریباً 640 ملین ڈالر تک جا پہنچی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فلم کی کمائی میں آئی میکس (IMAX) سمیت بڑے فارمیٹ والے سینما گھروں کا نمایاں کردار رہا جہاں صرف ہفتے کے اختتام پر 48 ملین ڈالر کی آمدنی حاصل ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: میرا اور شان شاہد کی ’سائیکو‘ کا دھماکہ خیز ٹریلر جاری، عیدالاضحیٰ پر ریلیز کے لیے تیار
’دی اوڈیسی‘ کی دوسرے ہفتے کی کارکردگی کرسٹوفر نولان کی 2023 کی سپر ہٹ فلم ’اوپن ہائیمر‘ سے بھی بہتر رہی۔ فلم نے اپنے دوسرے ہفتے میں شمالی امریکا سے 87 ملین ڈالر کمائے جبکہ ’اوپن ہائیمر‘ نے اپنی اوپننگ ویک اینڈ پر 82 ملین ڈالر کا بزنس کیا تھا۔
قدیم یونانی شاعر ہومر کی مشہور رزمیہ نظم پر مبنی اس فلم میں میٹ ڈیمن نے بادشاہ اوڈیسیئس کا مرکزی کردار ادا کیا ہے جو ٹروجن جنگ کے بعد اپنے وطن واپسی کے خطرناک سفر پر نکلتا ہے۔ فلم کی نمایاں کاسٹ میں این ہیتھاوے، ٹام ہالینڈ، زینڈایا، رابرٹ پیٹنسن، شارلیز تھیرون، لوپیتا نیونگو اور دیگر معروف اداکار شامل ہیں۔













