امریکا کے شہر سیئٹل میں معروف سیاحتی مقام اسپیس نیڈل کے قریب اتوار کو ہونے والی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ ایک کمسن بچے سمیت کم از کم 4 افراد زخمی ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سیئٹل سینٹر کے قریب پیش آیا، جہاں اس وقت مقامی کاروباروں اور کھانے پینے کی اشیا کے سالانہ ’بائٹ آف سیئٹل‘ موسمِ گرما کے میلے کا انعقاد جاری تھا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا میں جنونی شخص کی فائرنگ، ایک ہی خاندان کے 8 بچے ہلاک
سیئٹل کی میئر کیٹی ولسن نے بتایا کہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔
❗️ MULTIPLE PEOPLE SHOT in MASS SHOOTING near Seattle's ICONIC SPACE NEEDLE
CHILD AMONG VICTIMS
SPD initial report of ARAB SUSPECT — 1 OF 3 IN CUSTODY pic.twitter.com/yxeu5HT6Qx
— RT (@RT_com) July 27, 2026
انہوں نے ابتدائی بیان میں 2 افراد کی گرفتاری کا ذکر کیا تھا، تاہم بعد میں واضح کیا کہ ایک ہی مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سیئٹل پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ سیئٹل سینٹر میں فائرنگ ہوئی ہے اور واقعے میں متعدد افراد گولیوں کا نشانہ بنے۔
فائر ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے امریکی نشریاتی اداروں کے حوالے سے 2 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
مزید پڑھیں: امریکا غیر محفوظ؟ اسکول فائرنگ اور 20 ہزار ڈالر کے خرچے نے امریکی خاندان کو اسپین منتقل ہونے پر مجبور کردیا
ہاربر ویو میڈیکل سینٹر کی ترجمان سوسن گریگ کے مطابق اسپتال کے ٹراما سینٹر میں 4 زخمیوں کو زیر علاج رکھا گیا ہے، جن میں ایک کمسن بچہ، ایک خاتون جو سرجری سے گزر رہی ہیں، 23 سالہ نوجوان اور 39 سالہ خاتون شامل ہیں۔
سوسن گریگ نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات میں یہ واضح نہیں تھا کہ حملہ آور ایک تھا یا ایک سے زیادہ، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات پولیس جاری کرے گی۔
مقامی اخبار سیئٹل ٹائمز کے ایک رپورٹر کے مطابق واقعے کے دوران کئی زور دار دھماکے نما آوازیں سنائی دیں، جن سے ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ تیزی سے مسلسل فائرنگ کی جا رہی ہے۔













